حماس کے وفد کی ماسکو میں صدر پوتن کے خصوصی نمائدے سے اہم معاملات پر بات چیت

فلسطینی عوام کو فراہم کردہ  امداد، مزاحمت کی حمایت اور فلسطین میں اتحاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ گروپوں کے درمیان جاری مذاکرات کے مثبت نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا

2110050
حماس کے وفد کی ماسکو میں صدر پوتن کے خصوصی نمائدے سے اہم معاملات پر بات چیت

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے وفد اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے خصوصی نمائندے میخائل بوگدانوف نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

حماس کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان موسیٰ ابو مرزوق اور حسام بیدران سمیت وفد نے روسی دارالحکومت ماسکو میں بوگدانوف سے ملاقات کی۔

اس دوران  فلسطینی عوام کو فراہم کردہ  امداد، مزاحمت کی حمایت اور فلسطین میں اتحاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ گروپوں کے درمیان جاری مذاکرات کے مثبت نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس ملاقات کے  دوران جہاں غزہ کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا وہیں فلسطینی عوام کے خلاف "قابض صہیونیوں کی خلاف ورزیوں اور ان کے خلاف مزاحمت کے عزم" پر زور دیا گیا۔

ماسکو میں فلسطینی گروپوں کے درمیان دو روزہ اجلاس کے نتیجے میں کیے گئے فیصلوں کو اختتامی  اعلامیہ  کے ساتھ آشکار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی گروہوں نے جامع قومی اتحاد کے لیے مذاکراتی دور کا تسلسل، اسرائیلی حملوں اور آبادی کو تنہا چھوڑنے کے منصوبوں کی مخالفت، فلسطینی سرزمین کی سالمیت کے لیے عزم اور ایک مکمل خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی  القدس ہو جیسے مقاصد پر اتفاق کیا۔

اعلامیہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ میں عبادت کی آزادی پر پابندیوں کی مخالفت کے لیے بھی  ایک معاہدہ طے پایا۔



متعللقہ خبریں