چشمہ شفاء۔ 56

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے" زیتون کے پتّوں کی چائے کےفوائد"

2041733
چشمہ شفاء۔ 56

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے" زیتون کے پتّوں کی چائے کےفوائد"۔

زیتون کے پتّوں  کی چائے سے حاصل ہونے والے بعض فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

  • یہ چائے اینٹی وائرل اور اینٹی بیکٹیریل خصائص کی حامل ہے۔
  • جسم میں چنڈیاں بننے کی روک تھام کرتی ہے۔
  • بُرے کولیسٹرول میں کمی کرتی ہے
  • اینٹی انفلیمیٹری ہے  یعنی سوزش کُش اور التہاب کُش خصائص رکھتی ہے۔
  • فشارِ خون کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
  • دل کی مرکزی شریانوں کو پُرسکون کرتی اور خون کے بہاو میں اضافے میں مدد دیتی ہے۔
  • مضبوط نظامِ انہظام کا تحفظ کرتی اور اسے مزید تقویت دیتی ہے۔
  • خون میں شوگر کے درجے کو کم کرتی ہے۔
  • قبل از وقت بڑھاپے کا سدّباب کرتی ہے۔
  • پیچیدہ تھکاوٹ کا علاج کر کے جسم میں توانائی کے درجے کو بلند کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
  • نفسیاتی حالت کو بہتر بناتی ہے۔
  • الرجی کے علاج میں معاونت کرتی ہے۔
  • پٹھوں میں کھچاو کی روک تھام کرتی ہے۔

 

آئیے اب ان فوائد پر تفصیلی نگاہ ڈالتے ہیں۔

1۔ قلبی شریانوں  کی بیماری

زیتون کے پتّوں کی چائے قلبی اور قلبی شریانوں کے امراض کے سدّباب میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ بُرے کولیسٹرول کو کم کرتی ہے جس کے نتیجے میں خون کے بہاو میں اضافہ اور فشارِ خون میں کمی  ہوتی ہے اور نتیجتاً دِل کے دورے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

 

2 ۔ ہائی بلڈ پریشر

تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ زیتون کے پتّے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

3۔ ذیابیطس

زیتون کے پتّے جسم میں انسولین کی حساسیت میں اضافہ کرتے ہیں یعنی انسانی جسم میں انسولین کی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے۔ متعدد تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ زیتون کے پتّوں کی چائے خون میں شوگر کے اتار چڑھاو  میں توازن لانے میں مدد دیتی اور انسولین ریزسٹینس میں کمی کر کے ذیابیطس کی بیماری کا سدّباب کرتی  ہے۔

 

4۔ذہنی افعال

زیتون کے پتّوں کی چائے رعشہ کی  بیماری میں مفید ثابت ہوتی اور الزائمر  کےخلاف جسمانی دفاع کو مضبوط کرتی ہے۔

 

5۔چنڈیاں، وائرس اور بیکٹیریا

شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ زیتون کے پتّے وائرس اور بیکٹیریا کو ختم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ان وائرس اور بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج میں بھی مفید ثابت ہوتے ہیں۔

 

6۔جِلدی صحت

زیتون کے پتّوں کے عرق کا براہ راست زخم پر استعمال زخم کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ خصائص کی وجہ سے جلد کے خلیات کی شکست و ریخت  کو روکنےمیں بھی مدد ملتی ہے۔  تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ زیتون کے پتّوں کا عرق جلد کو بڑھاپے سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

 

7۔وزن پر قابو

زیتون کے پتّوں کی چائے وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

 

8۔ زیتون کے پتّے اور سبز چائے

زیتون کے پتّوں کی چائے کیفین سے پاک ہونے کی وجہ سے سبز چائے کا بہترین متبادل ہے ۔ اس کے علاوہ زیتون کے پتّے سبز چائے کے مقابلے میں دو گنی اینٹی آکسیڈنٹ صلاحیت  رکھتے اور چار گنا زیادہ وٹامن سی  کے حامل ہوتے ہیں۔

 

۔۔۔زیتون کے پتّوں کو کیسے محفوظ کیا جائے۔

زیتون کے پتّے بند ڈبے میں محفوظ کر کے خشک اور تاریک جگہ پر 2 سال تک محفوظ رکھے جا سکتے ہیں۔

 

۔۔۔زیتون کے پتّوں کی چائے بنانے کا طریقہ

زیتون کے پتّے پنساری کی دکان سے حاصل کئے جا سکتے ہیں لیکن انہیں گھر میں خود بھی نہایت آسانی سے خشک کیا جا سکتا ہے۔3 سے 4 عددزیتون کے خشک پتّوں کو ایک گلاس اُبلتے پانی میں ڈالیں اور 10 منٹ  کے لئے ڈھکن بند کر کے دم پر رکھ دیں۔بعد میں چھان کر اس چائے کا استعمال کریں۔

یہ چائے دن میں 3 دفعہ اور متواتر 2 ماہ تک استعمال کی جا سکتی ہے۔

اس چائے کے استعمال سے قبل خالی یا بھرے پیٹ ہونے کے بارے میں کوئی حتمی معلومات موجود نہیں ہیں۔ لیکن بہتر ہو گا کہ اس چائے کو کھانے کے اوقات کے درمیانی وقفوں میں استعمال کیا جائے۔

ناشتے کے ساتھ بھی اس چائے کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

۔۔۔  زیتون کے پتّوں کے عرق کا استعمال

زیتون کے پتّوں کے عرق  یا ست سے استفادہ کرنے کے لئے اسے قدرتی سپلیمنٹ کے طور پر کیپسول یا گولی کی شکل میں خریدا جا سکتا ہے۔ زیتون کے عرق کو محلول شکل میں بھی خریدا جا سکتا ہے۔

زیتون کے پتوّں کے ست یا عرق کو سپلیمنٹ کی شکل میں لیا جا رہا ہو تو دن میں ایک یا دو دفعہ 500 ملی گرام  خوراک استعمال کی جا سکتی ہے۔

اور آئیے اب زیتون کے پتّوں کے سائیڈ افیکٹس  یعنی مابعد اثرات کیا ہیں۔

 

خون کے دباو میں کمی اور خون میں گلوکوز کی مقدار کو کم کرنے کی صلاحیت رکھنے کی وجہ سے ایسے افراد کو  جن کا بلڈ پریشر کم ہو  زیتون کے پتّوں کی چائے یا عرق کے استعمال کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے۔

زیتون کے پتّوں کی چائے بلڈ پریشر کم کرنے والی ادویات کے ساتھ مل کر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے لہٰذا اگر آپ شوگر یا بلڈ پریشر کی ادویات استعمال کر رہے ہیں تو زیتون کے پتّوں کے استعمال سے قبل اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کر لیں۔

اسی طرح گردوں کے مریضوں، حاملہ عورتوں یا دودھ پلانے والی ماوں  کو بھی زیتون کے پتّوں کی چائے استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کر لینا چاہیے۔



متعللقہ خبریں