بھارتی وزیر دفاع نے حقائق کو مسخ کرتے ہوئے بیانات دیے ہیں، پاکستانی وزارت خارجہ

بھارتی سیاسی شخصیات کے اشتعال انگیز بیانات مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے

1859218
بھارتی وزیر دفاع  نے حقائق کو مسخ کرتے ہوئے بیانات دیے ہیں، پاکستانی وزارت خارجہ

پاکستان  نے ، ہندوستانی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان کہ کشمیر ہندوستان کا ہے "اشتعال انگیز اور ناقابل قبول" قرار دیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع سنگھ نے کشمیر تنازع کے حوالے سے تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے  پیش کیا ہے،  ہم پر بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کو دھمکیاں دیں۔

اس سلسلہ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی رہنما پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک پر انگلیاں اٹھاتے ہوئے جھوٹ اور فریب کاری میں مصروف رہتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں باور کرایا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور فروری 2019ء میں بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے میں پوری دنیا پاکستان کی صلاحیتوں اور عزم کی گواہ تھی۔ پاکستان اس خطے اور اس اسے باہر امن و سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے تمام کوششوں میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ 

ترجمان نے کہا یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی ہندوستانی سیاستدان نے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی جائز، مقامی اور منصفانہ جدوجہد آزادی پر اعتراضات اٹھائے ہوں، بھارتی سیاسی شخصیات کے اشتعال انگیز بیانات مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے، بھارت کو ہمارا مشورہ ہے کہ اپنے کردار کا جائزہ لے۔

انہوں نے مزید کہا ہندوستان کو تاریخ سے ایک یاد دہانی کی ضرورت ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر برقرار ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے



متعللقہ خبریں