امریکہ: بلنکن کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات، شام، لبنان اور غزّہ پر بات چیت
انتھونی بلنکن کی اپنے یورپی ہم منصبوں اور سفارتکاروں کے ساتھ ملاقات۔ شام، لبنان اور غزہ کے موضوعات پر تبادلہ خیال
امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اپنے کچھ یورپی ہم منصبوں اور سفارتکاروں کے ساتھ ملاقات کی اور شام کے تازہ حالات، لبنان میں تنازعات کے خاتمے اور غزہ میں جنگ بندی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکہ وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بلنکن نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں، "ٹرانس اٹلانٹک کوئنٹ" کے نام سے پہچانے جانے والے ممالک کے، وزرائے خارجہ اور سفارتکاروں سے ملاقات کی۔
اجلاس میں، اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تجانی، برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، یورپی یونین کی نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی 'کاجا کالاس' اور جرمن و فرانسیسی سفارتکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلنکن نے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ، شام میں عبوری دور اور علاقائی استحکام کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ لبنان اور غزہ کی پیش رفتوں پر، تبادلہ خیال کیا،8 دسمبر کو بعث انتظامیہ کے زوال کے بعد شام میں عبوری دور اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور شام کو "پڑوسی ممالک کے لیے خطرہ بننے" سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اجلاس میں شام میں شہریوں کے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
لبنان میں تنازعات کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر اتفاق رائے کے ساتھ ساتھ غزہ میں جنگ بندی، تمام قیدیوں کی رہائی اور انسانی امداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ "کوئنٹ" کے نام سے پہچانے جانے والے ٹرانس اٹلانٹک تعاون کا میکانزم امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی سمیت پانچ بڑے مغربی ممالک پر مشتمل ہے۔