نیٹو کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں اجلاس
حاقان فیدان اس اجلاس میں شام میں دہشت گرد عناصر کی وجہ سے پیدا ہونے والے عدم استحکام پر زور دیں گے
نیٹو کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں جمع ہوئے، جس میں یوکرین کی حمایت اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دو روزہ اجلاس میں ترکیہ کی نمائندگی وزیر خارجہ حاقان فیدان کر رہے ہیں۔
توقع ہے کہ حاقان فیدان اس اجلاس میں شام میں دہشت گرد عناصر کی وجہ سے پیدا ہونے والے عدم استحکام پر زور دیں گے اور اس بات کا اظہار کریں گے کہ ترکیہ شام میں ہونے والی پیش رفت کو ملک کی علاقائی سالمیت اور اتحاد کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نقطہ نظر سے دیکھتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فیدان اسرائیل کے جنگی جرائم اور غزہ میں انسانیت سوزالمیہ کی طرف بھی توجہ مبذول کرائیں گے۔
اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی شرکت سے منعقد ہونے والے اجلاس کی پہلی نشست میں مشرق وسطیٰ کے بحران اور نیٹو اور اردن کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ اندری سیبیہا اور یورپی یونین کے نمائندہ اعلی برائے خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی قاجا کالاس بھی نیٹو ، یوکرین کونسل فارمیٹ پر منعقد ہونے والی نشست میں شرکت کریں گے۔