فرانس میں قبل از وقت انتخابات کا دوسرا مرحلہ،رائے دہی جاری

انتخابات میں کل 577 نشستوں کے لیے مقابلہ جاری ہے اور 4 کروڑ 93 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جبکہ پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 289 نشستیں حاصل کرنی ہوں گی۔

2160152
فرانس میں قبل از وقت انتخابات کا دوسرا مرحلہ،رائے دہی جاری

فرانس میں قبل از  وقت پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے  رائے دہی  جاری ہے۔ 

ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوا جو دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں شام 6 بجے تک جبکہ بڑے شہروں میں رات 8 بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابات میں کل 577 نشستوں کے لیے مقابلہ جاری ہے اور 4 کروڑ 93 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جبکہ پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 289 نشستیں حاصل کرنی ہوں گی۔ 

30 جون کو ہونے والے فرانسیسی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ایگزٹ پول نتائج کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی 34 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے، بائیں بازو کی جماعت پاپولر فرنٹ 28.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور صدر میکرون کی جماعت 20.3 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ 

فرانسیسی پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اگر انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی مطلوبہ اکثریت لینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد فرانس میں دائیں بازو کی کسی بھی جماعت کی پہلی حکومت ہوگی۔ 

 انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران ایسے حلقے جہاں کوئی امیدوار واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا وہاں تین جماعتوں میں ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ نیشنل ریلی کو ہوا۔

پہلے مرحلے میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد فرانس میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے مخالف جماعتیں مل گئیں اور  دائیں بازو مخالف ووٹوں کی تقسیم روکنے کےلیے چند روز قبل 200 سے زائد امیدوار انتخابات کے دوسرے مرحلے سے دستبردار ہوگئے تھے۔



متعللقہ خبریں