صادق خان تیسری بار لندن کے میئر منتخب ہو گئے
صادق خان کو مد مقابل سوزن ہال پردو لاکھ 75 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ ہال کو آٹھ لاکھ 13 ہزار سے بھی کم ووٹ ملے

برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے صادق خان گزشتہ روز کنزرویٹو پارٹی کی امیدوار سوزن ہال کو شکست دے کر تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔
کسی مغربی ملک میں مسلسل تیسری بار لندن جیسے شہر کے میئرکا انتخاب ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
پاکستانی نژاد صادق خان نے اس تاریخی فتح کے لیے 10 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
صادق خان کو مد مقابل سوزن ہال پردو لاکھ 75 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ ہال کو آٹھ لاکھ 13 ہزار سے بھی کم ووٹ ملے۔
گزشتہ جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں 107 کونسلوں میں سے 102 نے جمعے کی رات اپنے مکمل نتائج کا اعلان کیا۔
کنزرویٹو پارٹی کے چار سو سے زیادہ کونسلروں کو شکست ہوئی، پارٹی کو 10 کونسلوں میں شکست ہوئی۔
جنوبی یارکشائر اور لیورپول نے لیبر پارٹی کے میئرز کو ووٹ دیا جب کہ ویسٹ مڈلینڈز میں ٹوری امیدوار اینڈی سٹریٹ کی جیت باغی ارکان پارلیمنٹ کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔
کامیابی کے اعلانات کے آغاز سے قبل لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر سٹارمر نے صادق خان کی جیت کے بارے میں پراعتماد ہونے کا اشارہ دیا۔
انہوں نے لیورپول، جنوبی یارکشائر، ویسٹ یارکشائر اور گریٹر مانچسٹر میں میئر کے عہدے پر اپنی پارٹی کی کامیابیوں کا ذکر کیا جہاں اینڈی برنہم اقتدار میں واپس آئے۔
اس سے قبل مئی 2021 میں صادق خان لندن کے دوسری بار میئر منتخب ہوئے تھے۔