فن لینڈ کے انتخابات،سانا مارین نے شکست قبول کر لی

فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین کی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کی امیدوں پر پانی پھر گیا کیونکہ ملک کی مرکزی قدامت پسند پارٹی(نیشنل کولیشن پارٹی ) انتخابی نتائج میں سر فہرست ہے

1968977
فن لینڈ کے انتخابات،سانا مارین نے شکست قبول کر لی

فن لینڈ کی مرکزی قدامت پسند پارٹی این سی پی نے عام انتخابات میں سخت مقابلے کے بعد کامیابی کا دعویٰ کر دیا۔

 خبرکے مطابق، فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین کی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کی امیدوں پر پانی پھر گیا کیونکہ ملک کی مرکزی قدامت پسند پارٹی(نیشنل کولیشن پارٹی ) انتخابی نتائج میں سر فہرست ہے۔

تمام ووٹوں کی گنتی کے بعد نیشنل کولیشن پارٹی ( این سی پی ) 20.8 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے، دائیں بازو کی پاپولسٹ پارٹی ’ دی فنز ‘ نے 20.1 فیصد جبکہ وزیر اعظم سانا مارین کی پارٹی سوشل ڈیموکریٹس نے 19.9 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

سرفہرست تین پارٹیوں میں سے ہر ایک کو تقریباً 20 فیصد ووٹ ملے ہیں اس لئے کوئی بھی پارٹی تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، نورڈک ملک کی پارلیمنٹ کی 200 نشستوں کے لیے 22 جماعتوں کے 2,400 سے زیادہ امیدوار میدان میں تھے۔

این سی پی کے رہنما پیٹری اورپو نے جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے بڑا مینڈیٹ ملا ہے اور اس نتیجے کی بنیاد پر فن لینڈ میں نئی حکومت کی تشکیل پر بات چیت نیشنل کولیشن پارٹی کی قیادت میں شروع کی جائے گی۔

53 سالہ پیٹری اورپو نے کہا کہ یوکرین کے ساتھ فن لینڈ کی یکجہتی ان کے دور میں مضبوط رہے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این سی پی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم یوکرین کے ساتھ ہیں، ہم اس خوفناک جنگ کو قبول نہیں کر سکتے اور ہم یوکرین، یوکرینی عوام کی مدد کے لیے سب کچھ کریں گے اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے لیے پیغام ہے کہ یوکرین سے چلے جائیں کیونکہ آپ ہار جائیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم مارین جو 37 سال کی عمر میں یورپ کی سب سے کم عمر رہنماؤں میں سے ایک ہیں، نے شکست تسلیم کر لی ہے

انہوں نے اپنے پارٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں پہلے سے زیادہ حمایت حاصل ہوئی ہے اور ہم نے پارلیمنٹ میں زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں، یہ ایک بہترین کامیابی ہے۔



متعللقہ خبریں