یورپی یونین نے کووِڈ۔19 سرٹیفکیٹ نافذ العمل کر دیا
یورپی یونین نے کورونا وائرس وباء کے دنوں میں سیاحت میں آسانی کے لئے "ویکسین سرٹیفکیٹ" کو نافذ العمل کر دیا
یورپی یونین نے کورونا وائرس وباء کے دنوں میں سیاحت میں آسانی کے لئے "ویکسین سرٹیفکیٹ" کو آج سے نافذ العمل کر دیا ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ یورپی یونین کی سرحدوں کے اندر سیاحت کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اب یورپی یونین ممالک میں فضائی سفر کے لئے طیارے میں سوار ہونے سے قبل سرٹیفکیٹ دکھانا پڑے گا۔
یہ "یورپی یونین ڈیجیٹل کووِڈ سرٹیفکیٹ" بلا معاوضہ ہے اور کاغذ پر یا پھر ڈیجیٹل شکل میں تیار کیا جاتا ہے۔
ویکسین سرٹیفیکٹ میں، متعلقہ شخص کے کووِڈ۔19 ویکسین لگوانے یا نہ لگوانے، لگوائی ہے تو کونسی ویکسین ، بیمار پڑنے اور صحتیاب ہونے سے متعلق دستاویزات اور نیگیٹو ٹیسٹ رپورٹ شامل ہیں۔
اس سرٹیفکیٹ کے ساتھ یورپی یونین سے منظور شدہ کووِڈ۔19 ویکسینوں یعنی فائزر، موڈرنا، آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن لگوانے اور آخری خوارک لگوانے سے 2 ہفتے بعد متعلقہ اشخاص کو سیاحت کے دوران اضافی ٹیسٹ یا پھر قرنطینہ جیسی پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
یہ سرٹیفکیٹ یورپی یونین کے شہریوں اور ان کے کنبوں کوخواہ وہ کسی بھی ملک کے شہری کیوں نہ ہوں، یورپی یونین ممالک میں مقیم غیر ملکیوں اور یورپی یونین ممالک میں سیاحت کا حق رکھنے والے دیگر افراد کو دیا جائے گا۔
ویکسین سرٹیفکیٹ تمام یورپی یونین ممالک اور آئس لینڈ، لکٹنسٹائن، ناروے اور سوٹزر لینڈ میں قابل قبول ہو گا۔