اسپین کا کاتالونیا سے سوال: کیا آپ نے اعلان آزادی کر دیا ہے؟
پیوگڈیمونٹ نے مراسلے میں بھی اس بات کا واضح جواب نہیں دیا کہ آیا انہوں نے اعلان آزادی کر دیا ہے یا نہیں: کاتالان میڈیا

کاتالونیا خود مختار انتظامیہ کے سربراہ کالرز پیوگڈیمونٹ نے اسپین کی طرف سے پوچھے گئے سوا ل کہ " کیا آپ نے اعلان آزادی کر دیا ہے" کا جواب ایک مراسلے کی شکل میں دیا ہے۔
پیوگڈیمونٹ نے گذشتہ ہفتے کاتالونیا کے اعلان آزادی کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا تھا اور اب ان کی طرف سے اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راجوئے کو بھیجے گئے مراسلے کے مندرجات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کاتالان میڈیا کی خبروں کے مطابق پیوگڈیمونٹ نے مراسلے میں بھی اس بات کا واضح جواب نہیں دیا کہ آیا انہوں نے اعلان آزادی کر دیا ہے یا نہیں۔
انہوں نے مراسلے میں صرف اس قدر کہا ہے کہ "راجوئے کے ساتھ مل کر 2 ماہ کے اندر اندر ڈائیلاگ کا راستہ کھولا جانا ضروری ہے"۔
راجوئے نے پیوگڈیمونٹ کو اپنی حتمی پوزیشن بتانے کے لئے سوموار کے دن اور مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے تک کی اور اگر آزادی پر اصرار کریں تو منگل کے روز تک اپنی سوچ تبدیل کرنے کی مہلت دی تھی۔
راجوئے نے کہا تھا کہ آزادی کے حق میں فیصلہ کئے جانے کی صورت میں میڈرڈ، کاتالونیا کی خود مختاری کو التوا میں ڈال دے گا۔
واضح رہے کہ کاتالونیا خود مختار انتظامیہ نے یکم اکتوبر کو غیر آئینی آزادی ریفرینڈم کا انعقاد کیا اور ریفرینڈم سے بھاری اکثریت سے مثبت جواب نکلنے کا اعلان کیا تھا۔