ترکیہ: بولو کے اسکی ریزورٹ کا واقعہ،مختلف ممالک کے تعزیتی پیغامات
ترک صوبہ بولو کے کارتا ل کایا اسکی ریزورٹ میں آگ لگنے سے جانی نقصان کے بعد جرمنی ،فرانس ،شام اور دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے

ترک صوبہ بولو کے کارتا ل کایا اسکی ریزورٹ میں آگ لگنے سے جانی نقصان کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
جرمن چانسلر اولاف شولز اور وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ فرانس ترک عوام کے سوگ میں شریک ہے۔
شام میں نئی انتظامیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے شیئر کیے گئے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ برادر ترک عوام ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے ہیں اور ہمارے مشکل ترین لمحات میں ہمارا ساتھ دیا ہے ،ہم شامی اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اس مشکل وقت پر جلد از جلد قابو پا لیں۔
چیک وزیر اعظم پیٹر فیالا، سلوواکیا کے وزیر خارجہ جوراج بلانر اور وینزویلا کے وزیر خارجہ یوان گل نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں "گہرے دکھ" کا اظہار کیا ہے۔
کولومبیا کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ وہ جمہوریہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
بحرین، مصر، الجزائر اور عراق نے بولو کارتا ل کایا اسکی ریزورٹ میں لگنے والی آگ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیتی پیغامات شیئر کیے ہیں۔