ترکیہ: ہمارا مخاطب امریکہ ہے اور ہم اُسی سے بات کر رہے ہیں، اُس کے پیچھے لگے ممالک سے نہیں
امریکہ کے ساتھ مل کر شام میں آپریشن کرنے والے چھوٹے یورپی ممالک کی اختیار کردہ پالیسیاں نہ تو خود انہیں فائدہ پہنچا رہی ہیں اور نہ ہی خطے کو: وزیر خارجہ خاقان فیدان
ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے، شام میں دہشت گرد تنظیم داعش سے جنگ کے بہانے علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم YPG/PKK کی حمایت کرنے والے ممالک کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے استنبول میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ "یورپ کے کچھ چھوٹے ممالک کی، امریکہ کے ساتھ مل کر شام میں مخصوص آپریشن کرنےاور وہاں سے اظہار خیال کے حوالے سے اختیار کردہ پالیسیاں نہ تو خود انہیں فائدہ پہنچا رہی ہیں اور نہ ہی خطے کو"۔
"اگر وہ امریکہ کی عدم موجودگی والے علاقے میں داخل ہو کر آپریشن کر سکتے ہیں یا وہاں فوجی قوت رکھ سکتے ہیں تو ہمیں دکھائیں ہم بھی دیکھیں لیکن ہم جانتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے" ۔
فیدان نے کہا ہے کہ "حقیقت یہ ہے کہ ہمیں، امریکہ کی طاقت کا استعمال کرکے اور اس کی آڑ لے کر اپنے مفادات کی خاطر بات کرنے والے ممالک کی کوئی پروا نہیں ہے۔ اس معاملے میں ہمارا مخاطب امریکہ ہے اورہم اُسی سے بات کر رہے ہیں، اُس کے پیچھے لگے ممالک سے نہیں"۔