جاپانی شہزادہ اور شہزادی ترکیہ تشریف لا رہے ہیں
ترکیہ اور جاپان، باہمی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ولیعہد شہزادہ فومی ہیٹو اور ولیعہد شہزادی کیکو ترکیہ تشریف لا رہے ہیں
جاپان کے ولیعہد شہزادہ 'فومی ہیٹو' اور ولیعہد شہزادی 'کیکو' دسمبر 2024 کو ترکیہ کے دورے پر تشریف لا رہے ہیں۔
ترکیہ اور جاپان، باہمی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ اس مقصد کے تحت ولیعہد شہزادہ فومی ہیٹو اور ولیعہد شہزادی کیکو 3 تا 8 دسمبر کو ترکیہ تشریف لا رہے ہیں۔
4 دسمبر کو دارالحکومت انقرہ میں صدر رجب طیب اردوعان، ولیعہد جوڑے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں شہزادہ اور شہزادی یادگاری تقریب میں شرکت کے لئے استنبول تشریف لے جائیں گے۔
استنبول میں شاہی مہمان، 1890 میں جاپان میں ڈوبنے والے، عثمانی بحریہ کے فریگیٹ 'ارطغرل 'سے متعلقہ اشیاء و تصاویر کے عجائب گھر کی سیر کریں گے۔
ترکیہ میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد شہزادہ فومی ہیٹو اور شہزادی کیکو 8 دسمبر کو وطن واپس لوٹ جائیں گے۔
واضح رہے کہ عثمانی بحری بیڑے کے جہاز 'ارطغرل' کا غرقاب ہونا ترک۔جاپان تعلقات کا نقطہ آغاز قبول کیا جاتا ہے۔
ارطغرل بحری جہاز پر، عالمِ اسلام سے جاپان جانے والا، پہلا منّظم سفارتی وفد اور کُل 609 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا ۔ جہاز جولائی 1889 کو استنبول سے عازمِ سفر ہوا اور 11 ماہ کے بعد یوکوہاما پہنچا۔
جاپان کے بادشاہ میجی نے عثمانی وفد کے سربراہ عثمان پاشا کو شرفِ ملاقات بخشا اور عثمان پاشا نے سلطان عبدالحمید دوئم کا ارسال کردہ خط اور تمغہ شاہ میجی کو پیش کیا۔
دورہ جاپان کے دوران عثمانی وفد نے متعدد ملاقاتیں کیں اور 15 ستمبر 1890 کو جاپان سے واطن واپسی کے لئے روانہ ہو گیا۔
16 ستمبر کی شام ، ارطغرل بحری جہاز صوبہ واکایاما کے ساحلی علاقے کوشیموتو کے جوار کی چٹانوں سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گیا۔
حادثے میں صرف 69 ملاح زندہ بچ سکے باقی 540 عثمانی جوان جاں بحق ہو گئے۔
اس دورے کی پُر حزن کہانی دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کا نقطہ آغاز قبول کی جاتی ہے۔ اس واقعے کی یاد، ارطغرل بحری جہاز اور عثمانی جوانوں کی معنوی میراث کے طور پر، 134 سالوں سے دونوں ممالک کے عوام کے دِلوں میں زندہ ہے۔