ترکیہ: عائشہ نور شہید کی لاش کل ترکیہ پہنچ رہی ہے

اسرائیلی فوجیوں نے 6 ستمبر کو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں عائشہ نور ایزگی کو قصداً اور نشانہ لے کر قتل کیا ہے: ترکیہ وزارت خارجہ

2186473
ترکیہ: عائشہ نور شہید کی لاش کل ترکیہ پہنچ رہی ہے

مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کی طرف سےقصداً قتل کی گئی ترک ایکٹیوسٹ 'عائشہ نور ایزگی ایگی' کی لاش کل ترکیہ پہنچ رہی ہے۔

ترکیہ وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان  میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے 6 ستمبر کو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں عائشہ نور ایزگی کو قصداً اور نشانہ لے کر قتل کیا ہے۔ شہید کی میّت کی ترکیہ منتقلی کے لئے تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "مرحومہ کی لاش کل ترکیہ  پہنچے گی۔ ہم اپنی شہری کے لئے اللہ سے رحمت و مغفرت کے طلبگار  ہیں اور اس کے عزیزوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ ہم، نسل کشی کی مجرم نیتان یاہو حکومت  کی طرف سے کئے گئے اس قتل کی ایک دفعہ پھر مذّمت کرتے ہیں۔ اس جُرم  کی قرار واقعی سزا کے لئے ہم ہر  کوشش کریں گے"۔

ترکیہ  کے تل ابیب سفارت خانے نے عائشہ نور کے لاش کو براستہ تل ابیب۔باکو۔استنبول گزرگاہ کے ترکیہ پہنچانے  کے لئے کاروائیاں مکمل کر لی ہیں۔

لاش بن گوریئن ہوائی اڈّے سے آج رات 11 بج کر 45 منٹ پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو جائے گی اور کل صبح 8 بج کر 35 منٹ پر ٹرکش ایئر لائنز کے طیارے میں استنبول لائی جائے گی۔

سفارتی ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق شہید کو ضلع آئیدن کی تحصیل دیدم میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں