ترکیہ کی ثالثی میں ایتھوپیا۔صومالیہ دوسرا مذاکراتی دور مکمل ہو گیا

بحیثیت ترکیہ ہمارا ہدف مسائل کے ایسے حل تلاش کرنا ہے جو صرف صومالیہ اور ایتھوپیا ہی نہیں پورے علاقے کے لئے مفید ثابت ہوں: وزیر خارجہ خاقان فیدان

2175366
ترکیہ کی ثالثی میں ایتھوپیا۔صومالیہ دوسرا مذاکراتی دور مکمل ہو گیا

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ" ترکیہ کی ثالثی میں ایتھوپیا اور صومالیہ کے درمیان دوسرا مذاکراتی دور مکمل ہو گیا ہے"۔

دارالحکومت انقرہ میں ایتھوپیا۔صومالیہ دوسرے مذاکراتی دور کے اختتام  پر وزیر خارجہ خاقان فیدان نے صومالیہ کے وزیر خارجہ احمد معلّم فقی اور ایتھوپیا کے وزیر خارجہ ٹائے آٹسکے سیلاسی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔

کانفرنس سے خطاب میں فیدان نے دوسرے مذاکراتی دور کی تکمیل کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مذاکرات میں ہم نے حل کے بعض مخصوص طریقوں پر بات چیت کی ہے۔ ان حل فارمولوں کا ہدف اس وقت دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات کو دُور کر کے ایک ایسے فریم ورک پر اتفاق کو یقینی بنانا ہے جو دونوں فریقین کے لئے قابلِ قبول ہو ۔

فیدان نے کہا ہے کہ" بحیثیت ترکیہ ہمارا ہدف مسائل کے ایسے حل تلاش کرنا ہے جو صرف صومالیہ اور ایتھوپیا ہی نہیں پورے علاقے کے لئے مفید ثابت ہوں۔ انقرہ مذاکراتی مرحلہ جاری ہے اور ہم اس  کے دوام کے معاملے میں پُر عزم ہیں۔ مرحلے کے کامیاب اختتام کے لئے مذاکراتی مرحلے کے تیسرے دور کا انعقاد 17 ستمبر کو دارالحکومت انقرہ میں ہو گا"۔

ایتھوپیا کے وزیر خارجہ سیلاسی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ "امید ہے کہ وزیر خارجہ خاقان فیدان اور ترکیہ کے موئثر کردار کے ساتھ ہم سرعت سے نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔ اور کچھ نہیں تو اس حل سے ایتھوپیا کو سمندر تک براہِ راست رسائی حاصل ہو جائے گی"۔

صومالیہ کے وزیر خارجہ فقی نے بھی کہا ہے کہ دوسرے مذاکراتی دور میں ہمیں قابلِ ذکر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ صومالیہ کی زمینی سالمیت، خودمختاری اور اتحاد کے تحفظ کے معاملے میں ہمارا عزم پختہ ہے۔  ہمیں امید کہ اس مذاکراتی دور میں ہمیں جو پیش رفت حاصل ہوئی ہے وہ اگلے مذاکراتی دور میں کسی حتمی نتیجے تک رسائی میں معاون ثابت ہو گی"۔



متعللقہ خبریں