ترکیہ: ایردوان۔ بائڈن ملاقات
اسرائیل کی نیتان یاہو انتظامیہ نے ہر قدم پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ غزّہ میں فائر بندی نہیں چاہتی: صدر ایردوان
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے امریکہ کے صدر جو بائڈن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی ہے۔
مذاکرات میں ترکیہ۔امریکہ تعلقات، مسئلہ غزّہ ، ترکیہ میں قیدیوں کے تبادلے اور علاقائی و عالمی حالات پر بات چیت کی گئی ہے۔
صدر ایردوان نے بائڈن سے کہا ہے کہ اسرائیل کی نیتان یاہو انتظامیہ نے ہر قدم پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ غزّہ میں فائر بندی نہیں چاہتی۔ گذشتہ ہفتے نیتان یاہو کے امریکی اسمبلی سے خطاب کے مناظر نے ترکیہ اور دنیا بھر پر نہایت مایوس کن تاثر چھوڑا ہے۔31 جولائی کو ایران میں کئے گئے قاتلانہ حملے میں حماس سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فائر بندی کی کوششوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل غزّہ میں لگی آگ کو پورے علاقے میں پھیلانا چاہتا ہے"۔
صدر جو بائڈن نے کل دارالحکومت انقرہ میں قیدیوں کے محفوظ تبادلے کے لئے صدر ایردوان کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ تبادلہ آپریشن میں امریکہ سے 2 اور جرمنی، پولینڈ، سلووینیا، ناروے اور روس سے ایک ایک طیارے سمیت کُل 7طیاروں کے ذریعے ترکیہ لائے گئے افراد میں سے 2 بچوں سمیت 10 قیدی روس، 13 قیدی جرمنی اور 3 امریکہ منتقل کر دئیے گئے تھے۔