ترکیہ: خان یونس کے اسکول پر اسرائیلی حملہ ایک ملعون کاروائی ہے

حالیہ چار دنوں میں خان یونس کے چار اسکولوں پر حملہ اس بات کا ٹھوس ثبوت ہے کہ اسرائیل کا ہدف فلسطینی عوام کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے: ترکیہ وزارت خارجہ

2161201
ترکیہ: خان یونس کے اسکول پر اسرائیلی حملہ ایک ملعون کاروائی ہے

ترکیہ نے غزّہ کے شہر خان یونس کے ایک اسکول پر اسرائیلی حملے اور بیسیوں معصوم فلسطینی پناہ گزینوں کے قتل کو ملعون کاروائی قرار دیا اور اس کی مذّمت کی ہے۔

ترکیہ وزارت خارجہ نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ "غزّہ کے شہر خان یونس میں ایک اسکول پر اسرائیلی حملہ اور اسکول میں پناہ گزین بیسیوں معصوم فلسطینی شہریوں کا قتل ایک ملعون کاروائی ہے اور ہم اس کی شدت سے مذّمت کرتے ہیں۔ خان یونس میں کھُلنے والی اجتماعی قبریں اور حالیہ چار دنوں میں یہاں کے چار اسکولوں پر حملہ اس بات کا ٹھوس ثبوت ہے کہ اسرائیل کا ہدف فلسطینی عوام کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے"۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ نیتان یاہو حکومت فائر بندی مذاکرات کی بیخ کنی کرنا چاہتی ہے۔ اسرائیلی حکام کو، تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کو یک قلم رد کرنے والے ان کریہہ اقدامات کی وجہ سے، قانون کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا"۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے غزّہ کے شہر خان یونس کے ایک اسکول کے دروازے پر حملہ کیا اور اسکول میں پناہ گزین 25  بے گھر فلسطینی مہاجرین کو قتل اور 53 کو زخمی کر دیا تھا۔



متعللقہ خبریں