ہم، بحیثیت ترکیہ، اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں: صدر ایردوان
صدر رجب طیب ایردوان نے جی۔20 کے سربراہانِ کو ترکیہ محکمہ اطلاعات کی مرتّب کردہ "قابل رہائش دنیا اور ترکیہ کی صفر کچرا پالیسی" نامی کتاب پیش کی
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے جی۔20 سربراہی اجلاس کے دوران سربراہانِ مملکت کو ترکیہ محکمہ اطلاعات کی مرتّب کردہ "قابل رہائش دنیا اور ترکیہ کی صفر کچرا پالیسی" نامی کتاب پیش کی۔
کتاب کے تعارف میں صدر ایردوان نے دنیا کے تین بحرانوں یعنی ماحولیاتی تبدیلیوں، بیالوجک تنوّع کے خاتمے اور آلودگی کے خلاف جدوجہد میں باہمی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف باہمی اتحاد کی ضرورت ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بین الاقوامی اتحاد میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ ذاتی مفادات کے حامل موقف باہمی تعاون کی جگہ لے رہے ہیں۔ اس تنگ نظری اور لالچ کا بدلہ افریقہ اور ایشیا کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے زد میں آئے ممالک اور اس کے بعد پوری انسانیت چُکا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ہمارے ملک کا ماحولیاتی تبدیلیوں اور آلودگی کا سبب بننے والے مسائل میں کوئی ہاتھ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بحیثیت ترکیہ ہم نہ صرف اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں بلکہ گلوبل سطح پر جاری کاروائیوں کے ساتھ بھی تعاون کر رہے ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ، 2053 تک زہریلی گیسوں کے صفر اخراج اور سبز ترقی کے اہداف کے ساتھ پیرس ماحولیاتی سمجھوتے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ہم صفر کچرے سے لے کر قابل تجدید انرجی کے منصوبوں، ملّی باغیچوں سے لے کر جنگلات کی کثرت، گندے پانی کی صفائی سے لے کر ہوامیں آلودگی کی پیمائش تک متعدد اطلاقات کے ساتھ زیادہ صاف اور زیادہ سرسبز ترکیہ کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ میری اہلیہ امینہ ایردوان کی زیرِ قیادت جاری صفر کچرا منصوبہ اس معاملے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔ "دنیا ہمارا مشترکہ گھر ہے" کے نعرے سے جاری اس منصوبے نے پوری دنیا سے ستائش حاصل کی ہے۔ اس منصوبے کو کُل 5 بین الاقوامی ایوارڈ دیئے گئے ہیں جن میں سے 3 اقوام متحدہ آفس اور اقوام متحدہ پروگراموں کی طرف سے دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکیہ کی کوششوں سے منظور کئے گئے اقوام متحدہ جنرل کمیٹی کے 77/161نمبر کے فیصلے سے صفر کچرا منصوبہ ایک عالمی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر 30 مارچ کو بطور یومِ صفائی منایا جائے گا۔