ترکیہ: ہم نے روس پر یورپی یونین پابندیوں میں نرمی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا
ترکیہ یورپی یونین کی پابندیوں کو سمجھ رہا ہے لیکن اپنے مفادات کا دفاع کرنا اور اپنی پالیسی کو چلانا بھی اس کی مجبوری ہے: نائب وزیر خارجہ فاروق قائمق جی

ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ 'فاروق قائمق جی' نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ابھی تک کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے روس پر عائد یورپی یونین پابندیوں میں نرمی کی راہ ہموار ہوتی ہو۔ یہی نہیں ہم نے اس معاملے میں پیش کی جانے والی تجاویز تک مسترد کر دی ہیں۔
قائمق جی نے ترکیہ قومی اسمبلی کے ممبران کے لئے بریفنگ میں کہا ہے کہ یورپی یونین اس وقت تک روس کے خلاف پابندیوں کے 8 پیکیج منظور کر چکی ہے۔ ترکیہ یورپی یونین کی پابندیوں کو سمجھ رہا ہے لیکن اپنے مفادات کا دفاع کرنا اور اپنی پالیسی کو چلانا بھی اس کی مجبوری ہے"۔
انہوں نے کہا ہے کہ " ہم یوکرین کے اتحاد اور زمینی سالمیت کا بلا ترّدد دفاع کرتے ہیں۔ اس وقت تک ہم نے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے روس پر عائد یورپی یونین پابندیوں میں نرمی کی راہ ہموار ہوتی ہو حتّٰی کہ ہم نے اس موضوع پر پیش کردہ تجاویز تک کو رد کر دیا ہے"۔
نائب وزیر خارجہ 'فاروق قائمق جی' نے یورپی یونین کے ہائی کمیشنر برائے امورِ خارجہ و سلامتی پالیسی جوزف بوریل کے اس موضوع کو ایجنڈے پر لانے کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ" ترکی نے کسی بھی شکل میں یورپی یونین کی پابندیوں میں رخنہ نہیں ڈالا۔ پابندیوں میں نرمی کے لئے زمین تیار کرنے یا پھر اس میں سہولت پیدا کرنے کے بارے میں کوئی شواہد یا ڈیٹا موجود نہیں ہے۔ اس بات کو ہم نے مقابل فریق تک بھی پہنچا دیا ہے"۔