ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے امداد جاری، سندھ میں ایردوان کے نام سے ٹینٹ سٹی قائم

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکش قونصل جنرل جمال سانگونے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ نہ صرف ترک حکومت بلکہ بچوں، خواتین اور شوبز اسٹارز سمیت ترک عوام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئےعطیات فراہم کئےہیں

1888698
ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے امداد جاری، سندھ میں ایردوان کے نام سے ٹینٹ سٹی قائم

تحریر مونا خان 

ترکیہ کی جانب سے سندھ میں سیلاب زدگان کے لیے   صدر  ایردوان  کے نام سے منسوب ٹینٹ سٹی کا  قیام عمل میں آیا ہے۔  

ترکیہ‘ پاکستان کے حالیہ سیلاب متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کررہا ہے‘ اسی سلسلے میں سندھ میں سیلاب متاثرین کی رہائش کے لیے ترک صدر رجب طیب ایردوان کے نام سے منسوب ٹینٹ سٹی قائم کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکش قونصل جنرل جمال سانگونے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ نہ صرف ترک حکومت بلکہ بچوں، خواتین اور شوبز اسٹارز سمیت ترک عوام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات فراہم کئے ہیں۔

اس موقع پر ترکش ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے نائب صدر نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی نقصان پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ایئر آفیسر کمانڈنگ‘پی اے ایف سدرن کمانڈ ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے ترک حکومت، عوام اور غیر سرکاری تنظیموں کا امداد دینے اور سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بینک اسلامی کے سی ای او سید عامر علی نے کہا کہ ان کا بینک ضلع جامشورو میں خیمہ بستی کے قیام کے حوالے سے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔

    یہ ٹینٹ سٹی ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) نے ضلع جامشورو کے دور افتادہ گاؤں بھولاری میں قائم کیا ہے۔سیلاب متاثرہ لوگوں کے لئے 130 خیمے لگائے گئے ہیں مزید50 ہزار خیموں کے علاوہ ٹینٹ سٹی میں متاثرین کے لئے طبی اور تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور ہر خیمے میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹر پلانٹ بھی فراہم کیے جائیں گے، ٹینٹ سٹی میں متاثرین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جلد ضلع ٹھٹہ میں بھی ایک خیمہ بستی قائم کی جائے گی جس کے لیے پاکستان ایئر فورس اپنی زمین فراہم کرے گی تاکہ سیلاب متاثرہ لوگوں کو ان کی مکمل بحالی تک سہولیات فراہم کی جاسکیں۔قبل ازیں ترکیہ کی جانب سے امدادی سامان کے 14 کارگو جہاز اور 13 مال بردار ٹرینیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ واضح رہے کہ نہ صرف ترکیہ حکومت بلکہ بچوں، خواتین اور شوبز اسٹارز سمیت ترک عوام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات فراہم کئے ہیں۔



متعللقہ خبریں