دہشت گردی نہیں ترکی کے ایجنڈے کا سرفہرست موضوع مزید اقتصادی ترقی ہے: یلدرم

ترکی ،اپنے  گرد و پیش میں جنگ  اور غیر یقینی کی کیفیت کے باوجود تمام تر رکاوٹوں کو ایک ایک کر کے عبور کر کے، ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا جاری رکھے ہوئے ہے: وزیر اعظم بن علی یلدرم

949216
دہشت گردی نہیں ترکی کے ایجنڈے کا سرفہرست موضوع مزید اقتصادی ترقی ہے:  یلدرم

وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ اب ترکی کا اوّلین مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ اقتصادیات میں مزید بڑھوتی ہے۔

بن علی یلدرم نے کھوجا ایلی گیبزے تکنیکی یونیورسٹی  میں منعقدہ "صنعت و ٹیکنالوجی  سربراہی اجلاس " سے خطاب میں کہا ہے کہ ترکی نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام میں  استحکام اور تحفظ کا قیام اور  دہشتگردی کو نکیل ڈالنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن ترکی اس میں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ ہم اپنے وقوع کے علاقے سے خود کو الگ نہیں رکھ سکتے ۔ علاقے کی تقدیر کے بارے میں اگر  کوئی فیصلہ کرنے کا حق رکھتا ہے تو وہ  ترکی اور اس کے ہمسایہ ممالک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ،اپنے  گرد و پیش میں جنگ  اور غیر یقینی کی کیفیت کے باوجود تمام تر رکاوٹوں کو ایک ایک کر کے عبور کر کے، ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم مزید پیداوار دینے اور مزید ترقی کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس کے لئے ہم نے حوصلہ افزائیوں کا اعلان کیا ہے۔

ٹیکنالوجی  کی مصنوعات کی پیداوار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ایسی مصنوعات کی پیداوار ہر کوئی کررہا ہے کہ جن کی پیداوار میں ٹیکنالوجی کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن علم تک رسائی حاصل نہ کرنے والے ممالک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علم طاقت ہے ۔ اس دور میں صاحب علم، علم کو استعمال کرنے والے اور اسے پیدا کرنے والے ترقی کی دوڑ میں زیادہ آگے  ہیں۔ لیکن جو ملک انفارمیشن، سائنس  اور ٹیکنالوجی  کی رسائی حاصل نہیں کرتے وہ ترقی کی دوڑ سے خارج ہو جاتے ہیں۔

اپنے خطاب میں امریکہ اور چین کے درمیان اقتصادی دوڑ کا ذکر کرتے ہوئے بن علی یلدرم نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر اضافی ٹیکس لگائے ہیں جو گلوبل اثرات پیدا کر رہے ہیں۔

سال 2017 میں ترکی کے 7.4 فیصد کی شرح سے ترقی کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کے سیاسی وجوہات کی بنا پر پیش کردہ غلط اقتصادی جائزوں پر ہم اعتبار نہیں کرتے۔

وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ترکی کے قدم مضبوط ہیں اور دہشتگردی کا مسئلہ اب ترکی کی اوّلین ترجیح نہیں ہے بلکہ ترکی کے ایجنڈے پر سر فہرست موضوع مزید اقتصادی بڑھوتی ہے۔



متعللقہ خبریں