ہم ہفتہ دس دن میں کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے: صدر ایردوان

بحیرہ اسود اناج راہداری  کے معاملے میں ہم  ہفتہ دس دن کے اندر اندر  بھاری ملاقات ٹریفک کے ساتھ کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے: صدر رجب طیب ایردوان

1852386
ہم ہفتہ دس دن میں کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے: صدر ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ بحیرہ اسود اناج راہداری  کے معاملے میں ہم  ہفتہ دس دن کے اندر اندر  بھاری ملاقات ٹریفک کے ساتھ کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

صدر ایردوان نے دارالحکومت انقرہ میں  صدارتی سوشل کمپلیکس میں اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈارگی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ بین الحکومتی سربراہی نشست  اور سمجھوتوں پر دستخط کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس  کا انعقاد کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ" ہم نے ڈراگی کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعاون کے امکانات  کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ بحیثیت  2 بحیرہ  روم ممالک کے ہم نے علاقائی و عالمی موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا۔ ہم نے 9 سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ یہ سمجھوتے متعدد شعبوں میں ہمارے تعلقات کی اداراتی حیثیت کو تقویت دیں گے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے اقتصادی و تجارتی تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوطی آ رہی ہے"۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "وباء کے باوجود گذشتہ سال ہمارا تجارتی حجم 34 فیصد کے اضافے سے 23 بلین ڈالر  کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔ دو طرفہ تجارت کی ایک خصوصیت متوازن ہونا ہے۔ موجودہ اعداد و شمار  سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال میں ہم، 25 بلین ڈالر کی حد کو آسانی سے عبور کر لیں گے"۔

ایک صحافی کے اناج راہداری سے متعلقہ سوال کے جواب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ خاص طور پر بحیرہ اسود راہداری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اس موضوع پر روس کے صدر ولادی میر پوتن  اور یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی دونوں کا موقف نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ ہم مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ  اناج کا دنیا تک پہنچنا ضروری ہے۔ مثلاً ہمیں فی الوقت ان معاملات میں مسائل کا سامنا نہیں ہے لیکن افریقہ کو سنجیدہ سطح پر مسائل درپیش ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم اناج راہداری کے معاملے میں پوتن اور زلنسکی دونوں کے وسیلے کی حیثیت سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فورم سے اور سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس  کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعے اس معاملے میں قدم آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ ہم ہفتہ دس دن میں ملاقاتوں اور مذاکرات میں تیزی لا کر کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ بحیرہ اسود میں اناج راہداری کھُلنے کے معاملے میں ترکی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ مذکورہ راہداری  کے بارے میں اقوام متحدہ کی کاروائیوں میں بھی ترکی مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر صدر ایردوان نے اتوار کے دن اٹلی کے شمال مشرق میں الپس پہاڑی سلسلے میں برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کے لئے اظہارِ تعزیت کیا، زخمیوں کے لئے عاجل شفا کی تمنّا ظاہر کی اور گذشتہ ماہ توسکانا کے علاقے میں 4 ترک شہریوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ہیلی کاپٹر حادثے  کے معاملے میں اطالوی حکام کے تعاون پر  وزیر اعظم ڈراگی کا شکریہ ادا کیا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے بعد ازاں وزیر اعظم ماریو ڈراگی کے اعزاز میں اعشائیہ دیا۔



متعللقہ خبریں