ہمارے آذری بھائیوں نے واحد ملت ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے: بکر پاکدیمیرلی

ہمارے آذری بھائیوں نے شدید آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے متعدد علاقوں میں ہمارے فارسٹری عملے کے شانہ بہ شانہ فرائض ادا کئے ہیں: وزیر زراعت و جنگلات بکر پاکدیمیرلی

1689326
ہمارے آذری بھائیوں نے واحد ملت ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے: بکر پاکدیمیرلی

ترکی کے وزیر زراعت و جنگلات بکر پاکدیمیرلی  نے کہا ہے کہ " ہمارے بھائیوں نے ہمارے واحد ملت ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے"۔

پاکدیمیرلی نے وزیر داخلہ سلیمان سوئے لو، وزیر ماحولیات و شہری منصوبہ بندی مراد کورم، وزیر رسل و رسائل و انفراسٹرکچر عادل کھارا اسماعیل اولو اور آذربائیجان  کے نائب وزیر برائے ہنگامی حالات اعتبار میرزییف کی شرکت سے ضلع مُولا کی تحصیل مارماریس میں  منعقدہ کوآرڈینیشن اجلاس کے بعد بیان جاری کیا ہے۔

پاکدیمیرلی نے کہا ہے کہ ترکی میں جنگلاتی آگ کے خلاف جدوجہد کے لئے دنیا بھر سے تعاون کیا گیا ہے لیکن سب سے اہم دوستانہ تعاون ہمیں برادر ملک آذربائیجان سے مِلا ہے۔ ہمارے آذری بھائی 900 زائد فائر فائٹر عملے اور 90 سے زائد فائر بریگیڈ گاڑیوں کے ساتھ ضلع مُولا میں لگی آگ بجھانے میں مدد کے لئے ترکی آئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے آذری بھائیوں نے شدید آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے متعدد علاقوں میں ہمارے فارسٹری عملے کے شانہ بہ شانہ فرائض ادا کئے ہیں۔ آذربائیجان سے آنے والے بھائیوں نے ہمارے واحد ملت ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ ہم نے یہاں مل کر اور یک دل ہو کر آگ پر قابو پایا ہے۔

انہوں نے کامیاب کوآرڈینیشن کی وجہ سے آذربائیجان کےنائب وزیر برائے ہنگامی حالات میرزییف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیر جنگلات بکر پاکدیمیرلی نے کہا ہے کہ " ترک ملت کے ساتھ آپ کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ہماری ملت مشکل وقت میں اس کی مدد کو پہنچنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی"۔

اعتبار میرزییف نے بھی کہا ہے کہ "ہم نے  متعدد مقامات پر آگ بجھانے اور ماحول کو ٹھنڈا کرنے کے کام میں حصہ لیا۔ ہم ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ترکی ایک بڑا ملک ہے ہمیں یقین ہے کہ وہ اس مشکل پر قابو پا لے گا۔ ہم دو حکومتیں واحد ملت  ہیں۔ ہماری دوستی ازلی و ابدی   ہے۔ ترک عوام نے ہماری جنگ میں ہمارا ساتھ دیا ہے ہم بھی ہمیشہ ترکی کا ساتھ دیں گے"۔

 


ٹیگز: #آگ , #جنگلات

متعللقہ خبریں