کشمیر بحران: امن کے خلاف ابھرتے ہوئے خطرات اور عالمی برادری کا کردار" کے زیر عنوان کانفرنس

کانفرنس میں آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار  مسعود  خان اور  ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے کی شرکت

1309457
کشمیر بحران: امن   کے خلاف ابھرتے  ہوئے  خطرات  اور عالمی برادری کا کردار" کے زیر عنوان  کانفرنس

ترکی  کے دارالحکومت انقرہ میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجیک  تھنکنگ اور لاہور  سینٹر فور پیس ریسرچ  کے زیرِ اہتمام   "کشمیر بحران: امن کے  لیے ابھرتے  ہوئے  خطرات  اور عالمی برادری کا کردار"     کے زیر عنوان تین روزہ  انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کا افتتاح  آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار  مسعود  خان اور  ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے   مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

 کشمیر کے بحران سے متعلق  منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں دنیا بھر  سے  پچاس سے زائد   اسکالر اور محققین اپنا اپنا نکتہ نظر پیش کررہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے   عالمی برادری کے کردار پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ  پاکستان سے باہر  ترکی میں  اتنے بڑے پیمانے پر یہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ ترکی کے نائب صدر کی جانب سے  اس کانفرنس میں شرکت سے ترکی کی  پاکستان اور کشمیر  کے عوام سے  دوستی اور برادرانہ  تعلقات  کے کس قدر گہرے اور قریبی ہونے کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

ترکی کے  نائب صدر   فواد اوکتائے  اور دیگر اعلیٰ  حکام کی شرکت سے  بھارت   کو شدید دھچکا  لگا ہے اور بھارتی سفیر نے ترک وزارتِ خارجہ سے  اپنا احتجاج  بھی ریکارڈ کروایا ہےلیکن ترکی  مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہےاور بھارت کے شدید دباو کے باوجود بھی   کشمیری عوام کی کھل کر حمایت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترک صدر رجب طیب  ایردوان  جو ہمیشہ ہی  سے مسئلہ کشمیر  کے حل کی ضرورت پر زور دیتے چلے آئے ہیں اس مسئلے کو حل کرنے  میں مددگار ہونے کے لیے ثالثی کا کردار بھی ادا کرنے کی پیش کش کرچکے ہیں لیکن  بھارت نے  ترک صدر کی  اس تجویز  کو مسترد کیا ہے۔ ترک صدر نے  ماہ اکتوبر میں  اقوام متحدہ کی جنرل  اسمبلی   کے  سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  برملا  طور پر بھارت سے   کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کرنے کے عمل سے باز آنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

ترک عوام بھی  کشمیری عوام کی  حمایت کا بھر پور طریقے سے مظاہرہ کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ترکی کے مختلف شہروں میں  ترک حکام اور شہریوں کی  جانب سے   کشمیر کے بارے میں  وقفے وقفے سے  مختلف کانفرنسیں اور  سیمینار منعقد   کیے جا رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں