ہم بحیرہ ایجئین میں من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے: میولود چاوش اولو

اپنے بگڑے ہوئے بچے کا دھیان رکھیں کہیں ہماری سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔ یہ نہایت دوستانہ تنبیہ ہے ۔ تناو میں بے محل اضافہ کرنے والے بیانات آپ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے: میولود چاوش اولو

1118211
ہم بحیرہ ایجئین میں من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے: میولود چاوش اولو

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ہم بحیرہ ایجئین کے اطراف اور مشرقی بحرِ روم میں ترکی کے مفادات  کا دفاع کرنا جاری رکھیں گے اور بحیرہ ایجئین میں من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔

یونان کو متنبہ کرتے ہوئے چاوش اولو نے کہا کہ آپ اپنے وزیر دفاع کو بگڑا ہوا بچہ کہتے ہیں۔ میں کہتا ہوں کہ اپنے بگڑے ہوئے بچے کا دھیان رکھیں کہیں ہماری سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔

جینڈرمیری اور کوسٹل سکیورٹی اکیڈمی ڈائریکٹریٹ  میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ  خارجہ پالیسی میں مستقل دوستی اور دشمنی کا کوئی تصور نہیں ہے، ترکی  کا اپنے تمام خارجہ تعلقات میں توازن کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ کہیں آپ روس سے زیادہ قریب تو نہیں ہو رہے؟ کیا آپ نے وسطی ایشیا میں ترک کونسل قائم کر رکھی ہے؟  آپ وسطی ایشیاء میں ہیں، خلیج  کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں، کیا آپ اسلامی  پالیسی  کے خواہش مند ہیں؟ آپ نے ایشیاء میں بھی ایک حیثیت بنا لی ہے، کیا آپ ہم سے دُور ہٹ رہے ہیں؟

ہم کہتے ہیں کہ وہاں آپ کی موجودگی سے، آپ کے جانے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن اگر میں وہاں موجود ہوں، میں وہاں جاتا ہوں تو محور کی تبدیلی کی بات کیوں کی جاتی ہے۔ بین الاقوامی تعلقات میں مستقل دوستی یا مستقل دشمنی جیسا کوئی تصور  نہیں ہے بلکہ ان میں  اونچ نیچ آتی رہتی ہے ۔

بحیرہ ایجئین کی اطراف اور مشرقی بحرِ روم  میں ترکی کے مفادات کے دفاع کو جاری رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے چاوش اولو نے کہا کہ ہم بحیرہ ایجئین میں من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم نہ صرف اپنے اسمبلی کے فیصلے کی یاد دہانی کروا رہے ہیں بلکہ  کسی بھی منفی قدم کے جواب میں اپنی کوسٹل سکیورٹی  فورسز  کے ساتھ ضروری جواب دے رہے ہیں۔

یونان کو تنبیہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا کہ آپ اپنے وزیر دفاع کو بگڑا ہوا بچہ کہتے ہیں ۔ اس بگڑے ہوئے بچے کی حفاظت کریں کہیں ہماری کوسٹل سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔ یہ نہایت دوستانہ تنبیہ ہے ۔ تناو میں بے محل   اضافہ کرنے والے بیانات آپ کو  کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔



متعللقہ خبریں