دو موضوعات ہیں جو ترکی۔امریکہ تعلقات میں تناو پیدا کر رہے ہیں: میولود چاوش اولو

ترکی۔امریکہ تعلقات میں تناو پیدا کرنے والے دو موضوعات ہیں، ایک امریکہ کا شام میں دہشتگرد تنظیم YPG/PKK کو تعاون فراہم کرنا اور دوسرا فیتو دہشت گرد تنظیم اور تنظیم کے سرغنہ فتح اللہ گولن کی پشت پناہی کرنا: میولود چاوش اولو

1090065
دو موضوعات ہیں جو ترکی۔امریکہ تعلقات میں تناو پیدا کر رہے ہیں: میولود چاوش اولو

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ہم 20 نومبر کو واشنگٹن میں امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے  ساتھ ملاقات میں ترکی کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔

میولود چاوش اولو اقوام متحدہ  کے تہذیبوں  کے اتحاد کے 8 ویں گلوبل فورم میں شرکت کے لئے نیو یارک  کے دورے پر ہیں ۔

نیویارک میں اپنی مصروفیات کے دوران انہوں نے ترکی کے قونصل خانے میں ترک کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔

امریکہ کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے باہمی تعلقات  میں تناو پیدا کرنے والے دو موضوعات ہیں جن میں سے ایک امریکہ کا شام میں دہشتگرد تنظیم YPG/PKK کو تعاون فراہم کرنا ہے۔ اس تنظیم کو دہشت گرد تنظیم قبول کرنے کے باوجود اس تعاون کو بھی ضروری خیال کرنا حقیقی معنوں میں ایک بڑی غلطی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم منبج میں طے شدہ روڈ میپ کے اطلاق کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشترکہ پیٹرولنگ شروع ہو گئی ہے لیکن یہ روڈ میپ صرف منبج تک محدود  نہیں ہے بلکہ فرات کے مشرق میں YPG/PKK کے زیر قبضہ علاقوں میں قیامِ استحکام بھی اس روڈ میپ کا ایک حصہ ہے۔

چاوش اولو نے کہا کہ ترکی ۔امریکہ تعلقات میں تناو کا سبب بننے والا دوسرا موضوع ترکی میں 15 جولائی کے غدارانہ حملے میں ملوث فیتو دہشت گرد تنظیم اور تنظیم کے سرغنہ فتح اللہ گولن  کے خلاف   ہماری امریکہ کو فراہم کردہ فائلوں اور گولن کو ترکی کے حوالے کرنے سے متعلق ہمارے مطالبات کو آج تک پورا نہ کیا جانا ہے۔ ان دونوں موضوعات میں بحیثیت ترکی   ہم سو فیصد نہیں ہزار فیصد حق بجانب ہیں۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا  ہےکہ حالیہ دنوں میں ایف بی آئی  نے امریکہ میں اس خون آلود ہاتھوں والی دہشت گرد تنظیم کی قانون کی خلاف ورزیوں  کی تحقیقات  شروع کی ہیں جس کے نتیجے میں امریکہ نے تنظیم کے بینک فراڈوں، ٹیکس چوریوں اور اختیارات کے غلط استعمال کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ تہذیبوں کے اتحاد کا 8 واں گلوبل فورم  19 سے 20 نومبر کو نیویارک  میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس  کی میزبانی میں منعقد ہو گا۔

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو فورم سے خطاب کریں گے اور انتونیو گٹرس کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔

توقع ہے کہ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور شام سمیت مشترکہ ایجنڈے میں شامل علاقائی و بین الاقوامی موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں