پاکستان اور ترکیہ کےسفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے شاندار ثقافتی شو میں حاضرین جھوم اٹھے

نقرہ میں سفارت خانہ پاکستان اور ترکیہ کی وزارت خارجہ کے تعاون سے پاکستان ترکیہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک ثقافتی پروگرام  کا  انعقاد کیا گیا

1922362
پاکستان اور ترکیہ کےسفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے شاندار ثقافتی شو میں حاضرین جھوم اٹھے

پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کے قیام کی  75ویں سالگرہ  کے دائرہ کار میں   کل رات انقرہ میں پاکستان کلچر نائٹ کا اہتمام کیا گیا ۔

انقرہ میں سفارت خانہ پاکستان اور ترکیہ کی وزارت خارجہ کے تعاون سے پاکستان ترکیہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک ثقافتی پروگرام  کا  انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں پاکستان ترکیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چئیرمین  علی شاہین نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ  انقرہ کے گورنر واصپ شاہین، ترک وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام،  ممتاز ترک شخصیات  کے علاوہ  بڑی تعداد  میں   انقرہ میں مقیم  پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی  اور اس پروگرام کو چار چاند لگادیے۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر   یوسف جنید  نے   صدارتی سینفی آرکسٹرا ہال کی راہداری میں تمام معزز مہمانوں کا فردافردا استقبال کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ  آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجانے سے ہوا۔

پروگرام کے مہمان  خصوصی،  پاکستان ترکیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چئیرمین  علی شاہین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان  کے سفارتی تعلقات   کے قیام  کی اس سال ہم 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔  ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات  کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔  ترک  خاندان کے ہاں پیدا ہونے والا بچے کی جنیات میں   پاکستان کی محبت  کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہوتی ہے اور اسی طرح   پاکستانیوں کے خاندان میں  جنم لینے والا   بچہ ترکیہ  سے محبت کی جنیات لے کر اس دنیا میں آتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر  یوسف جنید نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات 75 سال قدیم  ہیں  اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہماری دونوں جمہوریہ کے قیام سے کہیں آگے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خصوصی رشتہ مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور روحانی ورثے سے جڑا ہوا ہے جو وقت، جغرافیہ اور سیاست کی حدود سے ماورا ہے۔

پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں اس سال کے شروع میں انقرہ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر اردوان کی جانب سے منعقدہ مشترکہ لوگو کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک نے پاکستان میں ثقافتی  شوز  کا انعقاد کرکے اس سنگ میل کو باعزت طریقے سے منانے  کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ  ہم اپنے رشتوں کو ایک مقدس امانت سمجھتے ہیں جو ہمیں اپنے آباؤ اجداد سے وراثت میں ملا ہے اور جسے ہم آنے والی نسلوں تک پہنچانے کا عہد کرتے ہیں۔

پروگرام کے آغاز میں  ترک موسیقاروں اور ترک طلباء نے پاکستان کا مشہور قومی نغمہ "دل دل پاکستان"  گا کر  حاضرین  کے دل جیت لیے  اور انہیں بھی  اپنے ساتھ اس خوبصورت گانے میں شریک  کرلیا اور یوں یہ نغمہ پورے ہال  میں دل  دل پاکستان  کے الفاظ کے ساتھ گونجتا رہا۔  

اس ثقافتی   نائٹ کے لیے  پاکستان  کے   مقبول  قوال ابو محمد اور ابو فرید ایاز  کو خصوصی طور پر مدعو  کیا گیا تھا۔ مشہور قوال  ابو محمد اور ابو فرید ایاز نے اپنے روایتی لباس میں اسٹیج پر  آکر مولانا جلال الدین  رومی،  میلانی، امیر خسرو اور بابا فرید کے اشعار پیش کرکے حاضرین کو ایک خوشگوار روحانی سفر پر لے گئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

یاد رہے  پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات قیام پاکستان کے فوراً بعد 30 نومبر 1947 کو قائم ہوئے تھے۔



متعللقہ خبریں