ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو" انگین آلتان" نے کاشف ضمیر سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا

کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجود کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا ہے ، اور اسی وجہ سے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا ہے

1583565
ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی  کے ہیرو" انگین آلتان" نے کاشف ضمیر سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا

ڈرامہ سیریز "ارطغرل غازی" کے ہیرو "انگین آلتان دوزیاتان" نے " یارِ من ترکی" کے اینکر پرسن  ڈاکٹر فرقان  حمید سے  بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں  چوہدری  گروپ آف انڈسٹریز  کے ایم ڈی   میاں  کاشف ضمیر کے ساتھ طے پانے والے   معاہدے کو  منسوخ کردیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تیار کردہ  پریس ریلئز  کے پاکستانی میڈیا  تک پہنچانے  کے علاوہ  پاکستانی میڈیا کو حقائق سے آگاہ کرنے  کی بھی ذمہ داری سونپی ہے۔

میں ،" انگین آلتان دوزیاتا  ن"   ہونے کے ناتے پاکستانی کمپنی "چودھری گروپ آف  انڈسٹریز " کے ساتھ اس کے برانڈ  ایمبسیڈر  کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کررہا ہوں۔

جیسا کہ آپ جانتے ہیں ، میں معاہدے کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لئے "چودھری گروپ آف انڈسٹریز" کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) میاں کاشف ضمیر اور محمد اسماعیل سے ملاقات کے لئے پاکستان گیا تھا۔ میں  نے اپنے  اس دورے کے اپنے دوسرے فریق  کے ساتھ ایک میٹنگ  کی  اور ہم دونوں نے   معاہدے کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور ان شرائط پر اتفاق کیا۔

اس معاہدے کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں مستقل اطلاعات کے باوجود ہم اس معاہدے کی شرائط و ضوابط پر پوری طرح عمل درآمد کرتے رہے  اور "چوہدری گروپ آف انڈسٹریز" کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے  ایک ماہ  کی مہلت دینے  پر اتفاق کیا۔ تاہم ، کمپنی کے ایم ڈی ، کاشف ضمیرکے اس دوران  معاہدے کے بارے میں میڈیا کو دئے گئے جھوٹ اور غلط معلومات پر ہمیں سخت دکھ پہنچا۔

ہم آپ کو آگاہ کر رہے ہیں کہ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجود کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا ہے ، اور اسی وجہ سے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا ہے۔ ہم آپ کو یہ بھی بتا دیں کہ  تحریری معاہدے کی شرط کے مطابق  متعلقہ کمپنی   جو متفقہ رقم کا نصف پریس کانفرنس  اور معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل نصف رقم ادا کرنے کی پابند تھی  ایک ماہ گزر جانے کے باوجود  ابھی تک اس نے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ ہمارا اب میاں کاشف ضمیر اور محمد اسماعیل اور ان کی کمپنی چودھری گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی واسطہ نہیں رہا  اور نہ ہی مستقبل میں کوئی  تعلق قائم رہے گا۔

ہمارے دورہ پاکستان نے ہمیں پاکستان سے محبت کرنے والے لوگوں سے ملنے اور خوبصورت ملک دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

ہم ترک پاکستان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوستی اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ ترکی کی ڈرامہ سیریز میں پاکستانی عوام کی گہری دلچسپی نے مجھے بے حد متاثر کیا ، اور میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرنا  اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتا ہوں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ، انشاء اللہ ، میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کروں گا تاکہ پاکستانی عوام   کو گلے لگا سکوں۔

نیک تمناوں   کے ساتھ

پاکستان ترکی دوستی  زندہ باد

انگین آلتان دوزیاتان



متعللقہ خبریں