انقرہ میں یوم دفاع پاک، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوفراموش نہیں کیاجاسکتا:وزیردفاع

پاکستان  نے ہمیشہ ہی ترکی کی حمایت جاری رکھی ہے ۔ ترکی جب بھی  مشکلات میں گھرا  پاکستان ترکی کی مدد کو دوڑا  ۔ سن 1974 کی قبرص جنگ  کے موقع پر  پاکستان  نے  جس طرح  ترکی کا بھر پور ساتھ دیا  اس پر ہم جتنا بھی ناز کریں کم ہے

1045214
انقرہ میں یوم دفاع پاک، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوفراموش نہیں کیاجاسکتا:وزیردفاع

" ترکی کو پیار ہے پاکستان سے"  پاکستان کے یومِ دفاع  کے موقع پر ترک  باشندوں اور حکومت ترکی نے اپنی بھر پور محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور پاکستانی باشندوں کے دل جیت لیے۔

   چھ ستمبر 2018 کو یومِ  دفاع اورشہدا  کے موقع پر ترکی کی دارالحکومت انقرہ  کے ایک  ہوٹل میں  ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سفیرِ پاکستان   محمد سائیرس سجاد قاضی، ڈیفنس  اٹیچی  ائیرکموڈور عمران صغیر  چوہدری،  آرمی اٹیچی  کرنل کرنل  فیصل سعود  ، کرنل  عمران اسلم، نیول اٹیچی  کیپٹن خان محمد آصف اور ان کی  بیگمات  نے فرداً فرداً  اس تقریب کے شرکاء  کا استقبال کیا۔

اس استقبالیہ تقریب  میں ترکی کے وزیر قومی دفاع     حلوصی آقار، چیف آف جنرل سٹاف جنرل یشار گیولر، مسلح افواج کے سربراہان  ، غیر ملکی سفیروں  ، ملٹری ایٹیچیز  کے علاوہ بڑی تعداد میں  سول، فوجی حکام  اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے  شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز دونوں ممالک کے قومی ترنوں کے بجانے سے ہوا۔

اس موقع پر پاکستان کے سفیر محمد  سائیرس سجاد قاضی  نے خطاب کرتے ہوئے یومِ دفاع کی اہمیت  اور چھ ستمبر 1965ء  کو پاکستان  کو اپنی بقا کے لیے لڑی جانے والی جنگ اور اللہ و تعالیٰ  کی مدد سے اس جنگ میں سرخرو  ہونے اور دشمن کو  پست قدمی پر مجبور کیے جانے  سے آگاہ کیا۔  انہوں نے کہا کہ یہ  پاک فوج  جسے پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت حاصل تھی  دشمن کو ناک چنے چبانے پر مجبور کردیا ۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلح افواج  ہر ممکنہ خطرات سےنبٹنے کے لیے ہمیشہ چوکس ہے ۔

انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے علاوہ   ترکی کی جنگ چناق قلعے اور 15 جولائی 2016ء کی ناکام بغاوت   کو کچلنے  اور موجودہ دور میں ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں ترک شہدا  کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔  

سفیر پاکستان کے بعد ڈیفنس اٹیچی    ائیر کموڈور  عمران  صغیر نے  معزز مہمان  کو خوش آمدید  کہتے ہوئے کہاکہ آج چھ ستمبر  1965 کی جنگ میں  غیر ملکی  حملوں  کے خلاف  اپنی جانوں کو نذرانہ دینے والے پاکستان مسلح افواج  کے شہدا  کی یاد منانے  یہاں  جمع ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر ترکی کی جنگِ   چناق قلعے   اور دہشت گردی کے خلاف  جنگ میں اپنی  جانوں کا نذرانہ دینے   والے شہدا  کو بھی  خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ترکی کے وزیر قومی دفاع   حلوصی آقار   نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اس یادگار اور اہم دن   کو ایک ساتھ منانے پر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے۔ترکوں کے دلوں میں پاکستان کے لیے  الگ ہی مقام  حاصل ہے۔ پاکستان  کے یومِ دفاع   کے موقع پر  یہاں جمع   تمام معزز  مہمانوں کو  دل کی گہرائیوں سے  یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔  انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے     پاکستان   کی مسلح افواج  ملک کے استحکام کے ساتھ ساتھ خطے کے استحکام   کے لیے  بھی اپنا کردارا دا کرتی رہے گی۔  جیسا کی آپ جانتے ہیں   پاک ترک تعلقات دنیا میں دنیا میں ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ہمارے دلوں میں   پاکستان  کو  نہایت ہی اہم مقام  حاصل ہے۔جمہوریہ ترکی کے قیام سے لے کر اب تک   پاکستان اور پاکستان کے عوام نے ہمیشہ ہی  ترکی کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ یہاں پر ایک بار پھر واضع کردوں    ترکی کی  یونان کے ساتھ جنگ آزادی  کے موقع پر  پاکستان کے عوام نے جس طرح   ترکی کا دل کھول کر ساتھ دیا  اور مدد کی  اس  کو آج تک ہم فراموش نہیں  کرسکے ہیں ۔

پاکستان  نے ہمیشہ ہی ترکی کی حمایت جاری رکھی ہے ۔ ترکی جب بھی  مشکلات میں گھرا  پاکستان ترکی کی مدد کو دوڑا  ۔ سن 1974 کی قبرص جنگ  کے موقع پر  پاکستان  نے  جس طرح  ترکی کا بھر پور ساتھ دیا  اس پر ہم جتنا بھی ناز کریں کم ہے۔

ہم  پاکستان اور خطے میں جاری دہشت   گردی کے خلاف جنگ  میں پاکستان  کی قربانیوں  اور اس کے کردار  سے پوری طرح آگا ہیں ۔پاکستان اور ترکی کے درمیان  دفاعی صنعت  میں تعاون  اور اشتراک میں مسلسل اضافہ ہوتا جائے گا ۔

پاکستان نے 15 جولائی 2016ء  کی ناکام بغاوت  کے موقع پر  جس طرح ترکی میں ڈیمو کریسی  کا ساتھ دیا  ہم کبھی بھی اس کو فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔پاکستان ہمارے لیے قوت  اور استحکام کا وسیلہ ہے۔  

اس تقریب میں انقرہ میں پاکستانی  اسکول کے طلبا اور طالبات  نے پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے  جنہیں بے حد پسند  کیا گیا۔

 بعد میں سفیر پاکستان  محمد سائیرس  سجاد قاضی ، ترکی کے وزیر دفاع   حلوصی آقار ، ترک مسلح افواج کے سربراہان نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا اور اس کیک کو حاضرین میں تقسیم کیا گیا۔

اس تقریب کے موقع پر  قیام ِ پاکستان  اور  افواج پاکستان کے کارناموں پر مبنی دستاویزی فلم کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

 ہوٹل کے ہال میں یکجا تمام حاضرین  پاکستانی کھانوں کی خوشبو سے کھانوں کی طرف  کھینچے چلے آئے اور اس طرح مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور ترکی  کھانوں سے کی گئی اوریوں یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

 



متعللقہ خبریں