ترکیہ اور توانائی 48
ترکیہ کا توانائی کی پداوار کے حوالے سے مستقبل کا منصوبہ
ترکیہ نے توانائی میں اپنے مختصر مدتی روڈ میپ کا تعین کیا ہے۔ وزارت توانائی اور قدرتی وسائل کے 2024-2028 کے سٹریٹجک پلان کی تفصیلات بھی واضح ہو گئی ہیں۔ جس کا ہدف توانائی میں دنیا میں ہونے والی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترکی کے وسائل اور منفرد ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔
انادولو ایجنسی کی طرف سے اس منصوبے سے متعلق حاصل کردہ معلومات کے مطابق، سٹریٹجک پلان کے ساتھ، مقامی وسائل سے پیدا ہونے والی برقی توانائی کی سطح 2028 میں 270 بلین کلو واٹ ہاور سالانہ تک بڑھ جائے گی، بجلی کی پیداوار میں ملکی وسائل کا حصہ بڑھ کر 63 فیصد ہو جائے گا، سولر انرجی پاور پلانٹس نصب شدہ بجلی کے لحاظ سے 33 ہزار 100 میگاواٹ تک پہنچ جائیں گے اور ونڈ انرجی پاور پلانٹس 19 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائیں گے۔ علاوہ ازیں جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 4800 میگاواٹ تک ہو گی۔
اس تناظر میں ملکی خام تیل کی یومیہ پیداوار دو لاکھ 10 ہزار بیرل، قدرتی گیس کی پیداوار 42.5 ملین کیوبک میٹر، قدرتی گیس ذخیرہ کرنے کی گنجائش 12 بلین کیوبک میٹر اور سالانہ معدنی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
غیر ملکی انحصار کو کم کرنے کے دائرہ کار میں اٹھائے جانے والے اقدامات بھی منصوبے میں شامل مسائل میں شامل ہیں۔ اس کے مطابق اس بات پر زور دیا گیا کہ ملکی وسائل میں سے بجلی کی پیداوار ،پیٹرول۔ گیس، مقامی کوئلے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک توانائی اور معدنی وسائل کی تلاش اور پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔
مذکورہ منصوبہ 7 مقاصد اور مختلف اہداف کا احاطہ کرتا ہے۔
صفر کاربن اخراج پر مبنی اقدامات کے فریم ورک کے دائرہ عمل میں ، بجلی کی پیداوار اور توانائی کی کارکردگی کے مطالعے میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ بڑھایا جائے گا، توانائی میں کاربن کی مقدار کو کم کیا جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کرنے والا ایک مضبوط انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، اور گرین ہائیڈروجن اور قابل تجدید گیس کی چین کو فروغ دیا جائیگا۔
محفوظ، پائیدار اور نفع بخش کان کنی کے ہدف کی روشنی میں، اہم اور اسٹریٹجک معدنیات کو ترجیحی بنیادوں پر بروئے کار لانے کے لیے ترکیہ کی معدنی صلاحیت کو منظر عام پر لایا جائیگا اور اس کا ملکی معیشت میں حصہ ڈالا جائیگا۔
معدنیات کی مقامی طور پر پروسیسنگ کرکے ان کی مالی قدر میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کان کنی بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ اور ماحول دوست طریقے سے جاری رہے۔ پیشہ ورانہ حفظانِ صحت اور انسانی تحفظ کے نظریے کو مزید وسعت دی جائیگی۔ اس شعبے سے متعلق اداروں اور تنظیموں کو زیادہ موثر، شفاف اور انتظامی امور پر مبنی عوامی خدمت کے ڈھانچے کی ماہیت دلائی جائیگی۔
توانائی اور کان کنی کی منڈیوں کے بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ انضمام کو یقینی بنا کر تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے گا اور ان دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ، توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائی گی اور ٹیکنالوجی اور آلات کو قومی وسائل سے تیار کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزارت کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوطی دلائی جائے گی، منسلک اور متعلقہ اداروں کی کارپوریٹ انتظامی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے گا، ڈیجیٹل تبدیلی اور سائبر سیکیورٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا، اور آفات اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کی صلاحیت کو تقویت دی جائے گی۔