کیونکہ۔37
لیتھیئم وزن میں ہلکی اور قدر میں بھاری ہے کیونکہ۔۔۔
آج ہم دورِ حاضر کے ایک ایسے ذریعہ توانائی پر بات کریں گے جس کی قدر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تاریخ بھر میں پانی، فولاد، سونے اور پیٹرول جیسے کیمیائی عناصر اور کیمیائی مرکباّت انسانی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے چلے آئے ہیں اور دورِ حاضر میں ہم لیتھیئم کو بھی ان عناصر کے گروپ میں شامل ہوتا دیکھ رہے ہیں ۔ تو آئیے اپنے مخصوص جملے سے صحبت کا آغاز کرتے ہیں کہ لیتھیئم وزن میں ہلکی اور قدر میں بھاری ہے کیونکہ۔۔۔
لیتھیئم ایک قلمی دھاتی عنصر ہے جسے پریوڈک ٹیبل میں Li کی علامت سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ اس کا ایٹم نمبر 3 ہے اور اسے بطور ہلکی ترین دھات کے پہچانا جاتا ہے۔ کثافت میں کم، نرم اور نقرئی رنگ والی' لیتھیئم 'کیمیائی حوالے سے کافی حد تک متعامل دھات ہے۔ پانی اور ہوا کے ساتھ باآسانی تعامل پذیری کی وجہ سے عام طور پر اسے منرل آئل میں یا پھر ایئر ٹائٹ شکل میں رکھا جاتا ہے۔
لیتھیئم کو متعدد اہم شعبوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سب سے زیادہ عام استعمال کا شعبہ چارج ایبل لیتھیئم آئیون بیٹری کا شعبہ ہے۔ یہ بیٹری، سیل فونوں، لیپ ٹاپوں، ٹبیلٹ اور ہائیبرڈ گاڑیوں جیسے متعدد پورٹیبل برقی آلات میں استعمال کی جاتی ہے۔ ہائی انرجی اور طویل عرصے تک چارج رہنے کی وجہ سے 'لی۔آئیون بیٹریوں' کو ترجیح دی جاتی ہے۔ عصرِ حاضر میں پورٹیبل ٹیکنالوجی ڈیوائسوں کے روزمرّہ زندگی کا ایک ناگزیر حصّہ بننے کی وجہ سے بھی اور فوسل انرجی کی پیدا کردہ ماحولیاتی آلودگی سے نجات کے لئے برقی گاڑیوں کی طرف رجحان میں اضافے کی وجہ سے بھی لیتھیئم سے دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
لیتھیئم کو سیرامک اور شیشے کی پیداوار میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ لیتھیئم سیرامک اور شیشے کے میلٹنگ اسپاٹس کو کم کر کے پیداواری مراحل کو زیادہ موئثر کرتی اور مصنوعات کی پائیداری میں اضافہ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ آتش بازی مصنوعات اور فنِ آتشبازی میں سُرخ رنگ کے حصول کے لئے بھی لیتھیئم مرکبات کواستعمال کیا جاتا ہے۔ لیتھیئم کے استعمال کا ایک اور اہم سیکٹر دوا سازی کا سیکٹر ہے۔ لیتھیئم کاربونیٹ کو ، بائی پولر ڈِس آرڈر جیسی نفسیاتی بیماریوں کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک خیال کے مطابق لیتھیئم دماغ کے کیمیائی توازن کی اصلاح کر کے جذباتی اتار چڑھاو کو مستحکم کرتی ہے۔
لیتھیئم کو اس قدر اہم بنانے کی تہہ میں دو وجوہات کارفرما ہیں۔ ایک لی۔آئیون بیٹریوں کا عام استعمال اور ان بیٹریوں کا پورٹیبل برقی آلات اور برقی گاڑیوں کے لئے اشد ضروری ہونا دوسرا لیتھیئم وسائل کا محدود ہونا۔ لیتھیئم کے وسائل دنیا بھر میں بعض مخصوص علاقوں میں پائے جاتے ہیں اور ان علاقوں کی پیداواری صلاحیت عالمی طلب کو پورا کرنے میں ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مستقبل میں توانائی کو ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجیوں کے فروغ کے لئے لیتھئیم کی دستیابی اور مستقل پیداوار بے حد اہمیت کی حامل ہے۔