پاکستان ڈائری - سلگتا بلوچستان اور لہولہان پاکستان
بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہ صوبہ معدنیات سے مالا مال ہے جس میں کوئلے، کاپر، آئرن ،کرومائٹ، سونا، زنک، ایلومینم وغیرہ شامل ہیں
پاکستان ڈائری -2024-34
بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہ صوبہ معدنیات سے مالا مال ہے جس میں کوئلے، کاپر، آئرن ،کرومائٹ، سونا، زنک، ایلومینم وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ قدرتی گیس یہاں سے نکلتی ہے۔بلوچستان میں ریکوڈک کے مقام بہت بڑے سونے کے ذخائر موجود ہیں اتنے بڑے ذخائر کم ہی دنیا میں پائے جاتےہیں۔اس ہی طرح سے گوادر کے ساحل بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اس ہی لئے پاکستان نے سی پیک کا منصوبہ شروع کیا۔ بلوچستان کے جغرافیے کو دیکھیں تو یہ یہاں پر صحرا خشک چٹیل پہاڑ اور ساحلی پٹی موجود ہے۔ سردی بھی سخت پڑتی ہے اور گرمی بھی سخت پڑتی ہے۔
یہاں کی ۹۴ فیصد آبادی سنی ہےپانچ فیصد ذاکری اور ایک فیصد شیعہ ہیں۔ اگر قومیت کی بات کریں تو یہاں بلوچ برہوی پشتون اور دیگر قومیت کے لوگ رہتے ہیں۔ یہاں پر رہنے والے شیعہ ہزارہ بہت پرامن قوم ہے لیکن گذشتہ بہت سال سے یہ دہشتگردوں کے نشانے پر ہے۔ اس قوم نے بہت ظلم سہے ہیں۔
اگر ہم بلوچستان کی تجارتی صورتحال کی بات کریں تو یہاں کی آبادی جفاکش ہے تجارت کان کنی گلہ بانی قالین اور ڈارئی فروٹ کے بزنس کررہے ہیں۔ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ایرانی پراڈکٹس بڑی تعداد میں مارکیٹ میں موجود ہیں۔جن میں سب سے زیادہ غیرقانونی پیٹرول ایران سے بلوچستان میں آتا ہے۔جس کو بند ہونا چاہیے یہ خطرناک بھی ہے اور کسی سانحے کا باعث بن سکتا ہے۔
زمینی حقائق کے مطابق وہاں کے عوام نا ہی باغی ہیں اور ناہی کسی مسلح دہشت گرد کو سپورٹ کرتےہیں۔ تاہم بی ایل اے کی دہشت گردی کی وجہ سے یہاں حالات خراب ہورہے ہیں۔ یہ سب صورتحال وہاں کیوں پیدا ہوئی بی ایل اے کیوں بنی ؟؟ اتنی بڑی تعداد میں بلوچ احتجاج کیوں کررہے ہیں ؟؟ لوگ لاپتہ کیوں ہیں؟ اب تک ہونے والے دہشت گردی کے حملوں میں دو بلوچ خواتین نے خودکش حملہ آور بننے پر حامی کیوں بھری ؟ چاہیے تعداد میں کم ہی ہو لیکن وہاں بغاوت اور علیحدگی پسند قوتیں سر کیوں اٹھا رہی ہیں۔
سب پہلے تو حکومت بلوچستان سے سوال بنتا ہے جو فنڈ ترقی کے لئے آتا ہے وہ کہاں جاتا ہے بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی اچھی سہولیات کیوں نہیں ہیں۔ سب سے زیادہ وسائل رکھنے والا صوبہ اتنا پس ماندہ کیوں ہے۔ ریاست کو اپنی کوتاہی بھی تسلیم کرنا ہوگی۔ تاہم مذاکرات صرف ان سے ہوسکتے ہیں جو قانون کے تابع ہیں۔ بی ایل اے، بی ار اے ایس، یو بی اے ، بی ایل اے مجید بریگیڈ اور ایل ای بی دہشت نامی دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان میں محدود پیمانے پر موجود ہیں۔ ان کو ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے انکو انیٹلی جنس بیس آپریشن سے ختم کیا جائے۔ایران کےساتھ باڈر پر باونڈری لگائی جائے اور سرحدوں پر ہنڈی مافیا کی سرکوبی کی جائے۔ تاکہ دہشتگردوں تک پیسہ اور اسلحہ نہیں پہنچ سکےْ۔ تاہم جو لوگ بلوچستان میں انسانی حقوق کے لیے جہدوجہد کررہے ہیں انکو بی ایل اے کا ساتھی قرار دینا زیادتی ہے۔ انکی بات کو سنئیں انکے مسائل کو حل کریں۔ آپ پورے صوبے میں آپریشن نہیں لانچ کرسکتے کچھ معاملات سیاسی تدبر اور مذاکرات سے حل کئے جاتے ہیں۔ بلوچستان کا حل بھی یہ ہے۔ جب تک بلوچستان سلگتا رہے گا تب تک پاکستان بھی لہو لہان رہے گا۔ جو کچھ گذشتہ چند دنوں میں بلوچستان میں ہوا اس پر ہر پاکستانی غم گین ہے اور سانحے پر بہت رنجیدہ ہے۔ ان مسائل کا حل بہت ضروری ہے ورنہ حالات خراب ہوجائیں گے۔