کیونکہ۔32
پانی سے آدھے بھرے گلاس کے اندر قلم ٹیڑھا نظر آتا ہے کیونکہ۔۔۔
آج ہم ایک ایسے دلچسپ مظہر پر بات کریں گے جو ہم سب کی روزمرّہ زندگی میں دیکھنے میں آتا ہے لیکن ہم اس پر زیادہ توجہ نہیں دیتے۔ تو آئیے بات شروع کرتے ہیں کہ "پانی سے آدھے بھرے گلاس کے اندر قلم ٹیڑھا نظر آتا ہے کیونکہ۔۔۔"
اس بظاہر عام سے واقعے کو اصل میں فزکس اور بصارت کے بنیادی اصولوں کے ساتھ واضح کیا جا سکتا ہے۔ تو آئیے مل کر اس مظہر پر زیادہ قریب سے نگاہ ڈالتے ہیں۔ سب سے پہلے تو ہمیں روشنی کی حرکت کے اصول کو جاننا ہو گا۔ روشنی ایک ماحول سے دوسرے ماحول میں جانے پر اپنی سمت کو تبدیل کر لیتی ہے۔ اس عمل کو عملِ انعطاف کہا جاتا ہے۔ روشنی ہوا سے پانی میں داخل ہوتے وقت سسُت رفتار ہو جاتی اور سمت کو تبدیل کر لیتی ہے۔ اس انعطاف کی وجہ سے پانی بھرے گلاس میں رکھا ہوا قلم ٹوٹا ہوا دِکھائی دیتا ہے۔
جب ہم پانی بھرے گلاس میں رکھے قلم پر نگاہ ڈالتے ہیں تو اس کا پانی میں ڈوبا حصّہ پانی سے باہر والے حصّے کے ساتھ ایک ہی سمت میں دِکھائی نہیں دیتا۔ اس کی وجہ روشنی کا ہوا سے پانی میں داخلے کے وقت اپنے زاویے کو تبدیل کرنا ہے۔ روشنی کے زاویے میں تبدیلی کے نتیجے میں ہمیں قلم کا پانی کے نیچے کا حصہ مختلف نقطے سے شروع ہوتا دِکھائی دیتا ہے۔ ہماری آنکھیں اس عملِ انعطاف کا ادراک کرتی ہیں لیکن جب ان معلومات کو دماغ تک پہنچاتی ہیں تو دماغ پانی کے انعطاف انڈیکس کے ساتھ ان معلومات کی تصحیح نہیں کر پاتا۔ اگر اس واقعے کو زیادہ تکنیکی زبان میں واضح کرنا ضروری ہو تو ہم سنیل قانون کا ذکر کر سکتے ہیں۔ سنیل قانون، زاویہ انعطاف اور زاویہ وقوع کی وضاحت کرتا ہے۔ یہ قانون، روشنی کی لہروں کے ایک ماحول سے دوسرے ماحول میں داخلے کے وقت، زاویے کی تبدیلی کو ریاضی کی زبان میں بیان کرتا ہے۔
انعطاف کا مظہر صرف قلم کے معاملے میں ہی نہیں روز مرّہ زندگی کے دیگر پہلووں میں بھی ہمارے سامنے آتا ہے۔ مثلاً جب ہم اُتھلے یا کم گہرے پانی میں چل رہے ہوں تو ہمارے پاوں پانی کی سطح سے حقیقی مسافت کے مقابلے میں زیادہ قریب دِکھائی دیتے ہیں۔ اس کا سبب بھی روشنی کے زاویے کی تبدیلی ہے۔ روشنی پانی کے ماحول سے نکل کر ہوا میں داخلے کے وقت زاویہ تبدیل کرتی ہے اور اس تبدیلی کے باعث پانی ایک محّدب عدسے کی طرح ہمارے پاوں کے منظر کو سطح آب سے زیادہ قریب دِکھانا شروع کر دیتا ہے۔ یہ عام سا واقعہ اصل میں بصری سائنس اور انجینئرنگ میں نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔ آنکھیں، کیمرے اور مائیکرو اسکوپ جیسے متعدد آپٹک آلات انعطاف کے اسی اصول پر بنے ہیں۔ اس کے علاوہ فطری ماحول میں بہت سے حیوانات انعطاف کے اصول سے استعفادہ کر کے شکار کرتے یا خطرے سے دُور بھاگتے ہیں۔