پاکستان ڈائری - فلسطین اور پاکستانی معروف شخصیات
سرزمین فلسطین کا زکر قرآن پاک میں پانچ مرتبہ آیا ہے۔ یہ سات ہزار سال سے بھی پرانی تہذیب ہے۔ ایک ایسا خطہ جہاں عیسائیوں، یہودیوں اور مسلمانوں سب کی مقدس عبادت گاہیں موجود ہیں۔ ارشاد باری تعالی کے مطابق یہ برکتوں والی زمین ہے

پاکستان ڈائری- 45
سر زمین فلسطین ہم سب کے لئے بہت مقدس ہے۔ یہاں پر ہمارا قبلہ اول ہے۔ یہ سرزمین انبیاکرام کا مسکن رہی یہاں انکی اہم نشانیاں موجود ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ سلام نے اس جگہ پر قیام کیا۔ اس ہی سرزمین پر بادشاہ طالوت اور بادشاہ جالوت مدمقابل آئے۔حضرت سلیمان علیہ سلام نے یہاں سے دنیا پر حکمرانی فرمائی۔ حضرت لوط علیہ سلام کی قوم کو یہاں عذاب سے نجات ملی۔ حضرت زکریا علیہ سلام کا مسکن یہاں تھا۔ یہاں ہی حضرت مریم علیہ سلام کے بطن سے حضرت عیسی علیہ سلام کی ولادت ہوئی۔ اس ہی سرزمین میں تابوت سکینہ موجود ہے۔ حضرت محمد ﷺ یہاں سے ہی معراج پر تشریف لے گئے۔ حضرت محمد ﷺ نے مسجد اقصی میں تمام انبیا کی نماز کی امامت فرمائی۔
سرزمین فلسطین کا زکر قرآن پاک میں پانچ مرتبہ آیا ہے۔ یہ سات ہزار سال سے بھی پرانی تہذیب ہے۔ ایک ایسا خطہ جہاں عیسائیوں، یہودیوں اور مسلمانوں سب کی مقدس عبادت گاہیں موجود ہیں۔ ارشاد باری تعالی کے مطابق یہ برکتوں والی زمین ہے۔ وہ ہی خطہ صدیوں سے میدان جنگ بنا ہوا ہے۔ اس خطے پر سب سے زیادہ حق فلسطینوں کا ہے کیونکہ یہ انکا مسکن ہے۔ تاہم ایک ناجائز ریاست اسرائیل نے فلسطنیوں کے تمام حقوق سلب کرلئے۔ صیہونی ریاست اسرائیل کی وجہ سے
فلسطین اس وقت آگ باردو خون کی زد میں ہے۔ چالیس روز سے زائد ہوگئے ہیں اسرائیل غزہ پر حملے کررہا ہے۔ ان حملوں میں رہائشی عمارتوں ، ہسپتالوں، بچوں ، امدای کارکنان تک کو نشانہ بنایا گیا۔ اس وقت غزہ میں بجلی نہیں ہے پانی نہیں ہے خوراک اور ادویات کی قلت ہے۔ بہت سے ممالک اور بہت سا مغربی میڈیا اسرائیل کو کھل کر سپورٹ کررہا ہے۔ جو لوگ فلسطین کے حق میں بات کررہے ہیں ان کے سوشل میڈیا اکاونٹس کو بین کیا جارہا ہے یہاں تک کہ بہت سے صحافیوں کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔ ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ فلسطین کے لئے آواز بلند کررہے تھے جوکہ صہیونی لابی کو پسند نہیں آیا۔ تاہم یہ سب حربے بھی اہم شخصیات کو سچ کے ساتھ کھڑا ہونے پر روک نہیں سکے۔ پاکستان کی معروف شخصیات مسلسل فلسطین کے حق میں آواز بلند کررہے ہیں۔
سینٹر مشتاق احمد خان
سینٹر مشتاق احمد جماعت اسلامی کی موثر آواز ہیں وہ ایوان بالا میں عوامی مسائل کے حوالے بات کرتے ہیں۔ حال ہی میں انکی کاوشوں کی وجہ سے عافیہ صدیقی جوکہ بیس سال سے امریکہ کی جیل میں ہیں ان کی بہن ان سے ملاقات کرسکی۔ وہ انسانی حقوق کو لےکر بہت ووکل ہیں۔ اس ہی طرح وہ فلسطین کی آواز ہیں وہ امداد لے کر مصر پہنچ گئے۔ وہاں سے وہ مسلسل حالات کے بارے میں آگاہی دیتے رہے۔ انہوں نے ۹۰ ٹن سامان ہلال احمر مصر کے حوالے کیا۔
ماریہ بی
ماریہ بی پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ہیں۔ ان کی بنائی ہوئی لان اور ملبوسات دنیا بھر میں پسند کئے جاتے ہیں۔ وہ بھی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے مسلسل فلسطین کے لئے ٹویٹ کررہی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے ان برینڈز کے بائیکاٹ کی بھی کمپئین چلائی جو اسرائیل کو سپورٹ کررہے ہیں۔ عوام نے اس مہم کو اپنایا اور ایسے بہت سے برینڈز کا بائیکاٹ کیا جو اسرائیل کو سپورٹ کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ماریہ بی نے لاہور میں سول سوسائٹی کو کال دی اور فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا۔ جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اوشنا شاہ
پاکستان کی معروف اداکارہ اوشنا شاہ بھی فلسطین کی حمایت میں سامنے آگئ ہیں وہ سوشل میڈیا پر حقائق بیان کررہی ہیں۔ فلسطین کے خلاف ہونے والی مہمات کا پردہ چاک کرنے میں بھی پیش پیش ہیں۔ اس کے لئے وہ ٹویٹر اور انسٹاگرام دونوں پر متحرک ہیں۔ مظاہروں میں شرکت کررہی ہیں اور انکے انعقاد میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹویٹر پر وہ لسٹ بھی شئیر کی جو اداکار اسرائیل کی جارحیت پر خاموش ہیں۔ ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
ارمینا رانا خان
پاکستان کی اداکارہ ارمینا رانا خان سماجی ایشوز کو لے کر بہت ایکٹو ہیں وہ اپنا موقف فیس بک اور ٹویٹر پر باقاعدگی سے دیتی ہیں۔ غزہ کے بچوں کا دکھ انہیں بہت رنجیدہ کررہا ہے۔ وہ بار بار عالمی دنیا کو ان کی زمہ داریوں کی طرف نشاندہی کررہی ہیں۔
اس کے ساتھ زارا نور عباس، صباقمر، نعمان اعجاز، فیصل قریشی، گوہر رشید، حنا خواجہ بیات، علی ظفر، مومنہ مستحسین، ہمایوں سعید، ماروا حسین، انوشے اشرف، جنت مرزا، نوشین شاہ ، نادیہ افگن، شگفتہ اعجاز، سونیا حسین امر خان، ماہرہ خان،عاصم اظہر،ہانیہ عامر، یمنا زیدی اور دنانیر میبن بھی شوبز سے اپنی آواز فلسطین کے لئے بلند کررہے ہیں۔ فاطمہ بھٹو، حافظ نعیم الرحمان ، سمیحہ راحیل ، خلیل الرحمن قمر بھی فلسطینوں کی آواز ہیں۔