چشمہ شفاء۔28
آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے سر کا درد اور اس کے علاج کی گھریلو تجاویز

ڈاکٹر مہمت اُچار کےطبی مشوروں کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔
آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے سر کا درد اور اس کے علاج کی گھریلو تجاویز۔
1۔ٹھنڈی پٹیاں
اگر آپ کو دردر شقیقہ کے دورے پڑتے ہیں تو پیشانی پر ٹھنڈی پٹیاں رکھ سکتے ہیں۔ ریفریجریٹر میں ٹھنڈے کئے گئے تولیے کو یا پھر جمی ہوئی پٹّیوں سے بھرے لفافے کو پیشانی پر رکھ سکتے ہیں۔ برف کو کپڑے میں لپیٹ کر سر پر کولڈ پریس کرسکتے ہیں۔ اس کا طریقہ کچھ اس طرح ہے کہ کولڈ پریس کو 15 منٹ تک سر پر رکھیں اور 15 منٹ کا وقفہ دے کر دوبارہ یہی عمل دوہرائیں۔
2۔کلسٹر سر درد
اگر آپ کو کلسٹر سر دردر کا سامنا ہے کہ تو اس میں بھی آپ کولڈ پریسنگ سے مدد لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی تاریک جگہ پر بیٹھنا بھی درد میں افاقہ دے سکتا ہے۔
3۔ذہنی دباو کے باعث سردرد
اگر آپ کو ذہنی دباو اور پٹھوں کے کھچاو کے باعث سردرد کا سامنا ہے تو گرم پیڈ یا پھر گرم تولیے کو سر کے پچھلے حصے پر رکھ سکتے ہیں۔ اگر سائنو سر درد یعنی ناک کی اندرونی نالیوں میں سوزش کی وجہ سے سر میں درد کا سامنا ہے تو جہاں درد ہو رہا ہے وہاں گرم پٹّی یا گرم تولیہ رکھ سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں گرم پانی سے غسل بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
4۔ چیونگم چبانے سے پرہیز
چیونگم چبانا آپ کے جبڑے کو ہی نہیں سر کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسی طرح ناخن چبانا ، ہونٹوں اور گالوں کے اندرونی حصے کو چبانا یا پھر پنسل وغیرہ جیسی چیزوں کو چبانا بھی سر کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ کُرکُری یا پھر چپکنے والے اشیائے خوردنی سے پرہیز کرنا چاہیے۔ اگر آپ کو رات کو سوتے میں دانت پیسنے کی عادت ہے تو اپنے دانتوں کے ڈاکٹر سے ماوتھ سیور طلب کریں۔ یہ صبح سویرے کے سردرد سے بچا سکتا ہے۔
5۔ پانی کا وافر استعمال
روزمرّہ زندگی میں پانی کے استعمال کو بڑھا دیں۔ شدت کی پیاس یا پھر جسم میں پانی کی کمی سر درد کا یا پھر صحت کی زیادہ ابتر حالت کا سبب بن سکتی ہے۔
6۔سر کی جلد پر دباو
بالوں کو دن بھر پونی ٹیل کی شکل میں اور کّس کے باندھنا، خاص طور پر تیراکی یا کھیل کے دوران سر پر کسّی ہوئی ٹوپی یا بیلٹ باندھنا یا پھر تیراکی کی عینک پہننابھی سردرد کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر سر میں درد مذکورہ وجوہات کےباعث ہورہا ہے تو بالوں کو ڈھیلا کریں اور سر پر کسّے ہوئے بیلٹ یا ٹوپی کو اتار دیں۔
7۔تاریک جگہ پر بیٹھیں
کمپیوٹر اسکرین سے پھیلنے والی چمکتی اور تھراتھراتی ہوئی روشنی بھی سر درد کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر آپ کو تیز روشنی کی وجہ سے سر درد کا سامنا ہے تو اپنےکمرے کے پردوں کو گہرے رنگ کا کر دیں۔ باہر نکلتے وقت دھوپ کی عینک کا اور کمپیوٹر پر اسکرین سیور کا استعمال کریں۔
8۔کچھ مقدار میں کیفین کا استعمال
چائے اور کافی جیسے کیفین والے مشروبات کا استعمال بھی سردرد میں افاقہ دے سکتا ہے۔
9۔یوگا، مراقبہ اور ورزش
یوگا ، مراقبہ یا پھر جسم کو کھچاو سے نجات دینے والی ورزش نہ صرف سر کے درد بلکہ جسم کے دیگر دردوں سے بھی افاقہ دیتی ہیں۔
10۔مالش
چند منٹ تک گردن کی مالش،ذہنی دباو کی وجہ سے ہونے والے سر درد سے نجات دے سکتی ہے۔ جسم کے مختلف حصوں پر دباو ڈال کر بھی سر درد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ مثلاً انگلیوں سے کنپٹیوں پر دباو ڈالیں اور اسی حالت میں دائروی شکل میں حرکت دیں۔ اگر سر درد آنکھوں کی تھکن کی وجہ سے ہے تو شہادت کی انگلیوں کی پوروں کو پیشانی پر دونوں بھنووں کے درمیان رکھیں اور کچھ دیر دبا کر ہٹا لیں اور یہ عمل با ربار دہرائیں۔ یا پھرچند منٹ تک انگلیوں کو دائرے کی شکل میں حرکت دیں۔
اسی طرح شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کے درمیانی حصے کو دبانا بھی سردرد میں افاقہ دے سکتا ہے۔ اس کا طریقہ یوں ہے کہ شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کے درمیانی حصّے کو دوسرے ہاتھ کی شہادت کی انگلی اور انگوٹھے سے دبائیں اور اس دوران شہادت کی انگلی کو نرمی سے دائروی شکل میں حرکت دیں۔ ایک ہاتھ پر یہ عمل چند دفعہ دوہرانے کے بعد دوسرے ہاتھ پر بھی اسی طرح کریں۔
11۔اسینشیئل تیلوں کا استعمال
پودینے اور لیوینڈر کے طبّی اسینشیئل تیلوں کو سر درد سے نجات کے لئے مفید خیال کیا جاتا ہے۔ یہ دونوں تیل درد کو کم کرنے کی خصوصیت رکھتے ہیں۔
پودینے کے طبّی تیل کو تھوڑی مقدار میں کنپٹیوں پر لگائیں اور خیال رکھیں کہ تیل آنکھوں سے دُور رہے۔ یہ تیل سر درد میں افاقہ دے سکتا ہے۔
لیوینڈر کے تیل سے خوشبو تھراپی بھی کی جا سکتی ہے۔ مثلاً تھوڑی مقدار میں لیوینڈر اسینشیئل آئل کو ہتھیلی پر ڈالیں اور دونوں ہتھیلیوں کو ملیں۔ بعد ازاں ہاتھوں کو سونگھیں اور خوشبو کو اندر کھینچیں۔
12۔ غذا
بادام اور چیری جیسی پروٹین اور پوسے والی غذائیں بھی سر درد کے سدّباب میں مدد دیتی ہیں۔
13۔میگنیزیئم
سیاہ چاکلیٹ، خشک انجیر، تِلوں کا پیسٹ جسے تاہینی بھی کہتے ہیں، کچے بادام اور کدو کا مغز میگنیزیئم سے مالامال غذائیں ہیں۔ ان غذاوں کے استعمال سے سردرد سے آرام مِل سکتا ہے۔ تحقیق سے سامنے آیا ہے کہ درد شقیقہ اور ذہنی دباو کی وجہ سے سر کے درد میں مبتلا افراد کے دماغوں میں میگنیزیئم کی مقدار کم ہوتی ہے۔
14۔ ادرک
حالیہ تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ ادرک کا استعمال سردرد کی وجہ سے ایمرجنسی یونٹ میں داخل مریضوں تک کے درد کو کم کرنے میں مفید ثابت ہوا ہے۔ ادرک کی چائے استعمال کر کے سر درد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔