چشمہ شفاء۔ 03

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کے گھریلو علاج کے بارے میں بات کریں گے وہ ہے "پھٹی ہوئی ایڑھیاں"

1880549
چشمہ شفاء۔ 03

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام' چشمہ شفاء 'کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کے گھریلو علاج کے بارے میں بات کریں گے وہ ہے "پھٹی ہوئی ایڑھیاں"۔

 

خشک اور پھٹی ہوئی ایڑھیاں نہ صرف تکلیف دیتی ہیں بلکہ دیکھنے میں بھی بھلی محسوس نہیں ہوتیں۔ آئیے  دیکھتے ہیں کہ گھر میں موجود کونسی اشیاء کو استعمال کر کے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے یہ نوٹ فرما لیں کہ ایڑھیوں کی جلد عام طور پر سخت اور خشک ہونے کی وجہ سے پھٹتی ہے ۔ جلد کی نمی کو بحال کرنے کے لئے بہتر ہو گا کہ ہمارے بتائے ہوئے زیادہ تر طریقے رات کو سونے سے پہلے استعمال کریں تاکہ پیر رات بھر جرابوں میں رہ سکیں۔

 

1۔ لیموں

نیم گرم پانی میں لیموں کا رس اور نمک ملائیں اور پیروں کو اس پانی میں اس وقت تک ڈوبے رکھیں  جب تک پانی ٹھنڈا نہ ہو جائے۔  بعد میں جھانویں کی مدد سے ایڑھیاں رگڑ کر مردہ جلد کو صاف کریں۔ آخر میں پیروں کو سادے پانی سے دھوئیں اور تولیے سے خشک کر لیں۔

اس طریقے کو استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں کہ پانی بہت زیادہ گرم نہ ہو کیونکہ بہت زیادہ گرم پانی جلد کو مزید خشک کر کے ایڑھیوں کے پھٹنے میں مزید شدت پیدا کر سکتا ہے۔

لیموں کے استعمال کا ایک اور طریقہ بھی نوٹ فرما لیں۔ لیموں کو نچوڑنے کے بعد اس کے چھلکے سے ایڑھیوں پر مساج بھی کیا جا سکتا ہے۔

 

2۔ سرکہ

کسی ٹب میں نیم گرم پانی لیں اور اس میں ایک چوتھائی گلاس سیب کا سرکہ ملائیں۔  پیروں کو اس پانی میں 15 منٹ تک ڈبوئے رکھیں۔ بعد میں جھانویں سے رگڑ کر پھٹی ہوئی مردہ جلد کو صاف کرلیں ۔

 

3۔کاربونیٹ

2 چمچ کاربونیٹ میں تین چار قطرے لیموں کا رس مِلا کر پیسٹ کی شکل میں لے آئیں اور  پہلے سےنیم گرم پانی سے دھوئے ہوئے پیروں کی ایڑھیوں پر لگائیں۔ 10 منٹ انتظار کے بعد دوبارہ پاوں دھو کر صاف کریں اور موئسچرائزر لگا لیں۔

 

4۔نمی بخشنے والے تیل

زیتون، کھوپرے، تِل یا پھر بادام کے تیلوں کی مشترکہ خصوصیت قدرتی طریقے سے جلد کو نمی اور نرمی بخشنا ہے۔

پھٹی ہوئی ایڑھیوں سے نجات کے لئے سب سے پہلے پیروں کو کچھ دیر کے لئے نیم گرم پانی  میں ڈبو کر جلد کو نرم ہونے کا موقع دیں۔ بعد میں جھانویں سے رگڑ کر مردہ جلد صاف کریں اور پیروں کو  سادہ پانی سے دھو کر خشک کر لیں۔ آخر میں مذکورہ بالا تیلوں میں سے کسی ایک سے پیروں کی مالش کریں اور رات بھر کے لئےجرابیں پہن لیں ۔ اس طریقے کو ایڑھیاں مکمل طور پر نرم و ملائیں ہونے تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

5۔ٹی ٹری آئل

پیروں کو نیم گرم پانی سے دھو کر خشک کریں اور ایڑھیوں پر ٹی ٹری آئل کے چند قطرے ٹپکا کر مالش کریں ۔  بعد میں جرابیں پہن لیں ۔ ممکن ہو تو رات بھر جرابیں پہنے رکھیں۔

 

6۔ ویزلین

پیروں کو حسبِ سابق دھونے اور جھانویں سے رگڑنے کے بعد وافر مقدار میں ویزلین لگا کر جرابیں پہن لیں اور رات بھر جرابیں پہنے رکھیں۔ چاہیں تو ویزلین میں لیموں کا رس بھی ملا سکتے ہیں۔

 

7۔ ایوکیڈو

آدھے ایوکیڈو میں ایک عدد کیلا ملا کر پیس لیں۔ اس آمیزے کو پھٹی ہوئی ایڑھیوں پر لگائیں اور   20 منٹ کے انتظار کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

 

8۔ موئسچرائزنگ کریم

ہر شام پیروں کو نیم گرم پانی میں ڈبو کر نرم کرنے اور پھٹی ہوئی جلد کو جھانویں سے رگڑ کر اتارنے کے بعد موئسچرائزنگ کریم لگانا مختصر مدت میں ایڑھیوں کو نرم و ملائم بنا سکتا ہے۔ اگر اس طریقے کو ہر غسل کے بعد استعمال کیا جائے تو ایڑھیاں پھٹنے کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔

 

9۔ شہد

نیم گرم پانی میں کچھ مقدار میں شہد ملا کر 15 منٹ تک پیروں کو اس پانی میں ڈبوئے رکھیں۔ بعد میں جھانویں سے رگڑیں اور دھو کر خشک کر لیں۔

 

10۔ زیتون کا تیل اور شہد

ایک چائے کا چمچ شہد اور ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل ملا کر پھٹی ہوئی ایڑھیوں پر ملیں۔ آمیزے کو 20 منٹ تک ایڑھیوں پر لگا رہنے دیں بعد میں دھو کر صاف کر لیں۔

 

11۔ کیلا

 کیلے کو پیسیں اور اس پیسٹ سے ایڑھیاں ملیں۔ ممکن ہو تو 5 سے 10 منٹ تک انتظار کریں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے دھوئیں اور دوبارہ 5 سے 10 منٹ تک پیروں کو ٹھنڈے پانی میں ڈبوئے رکھیں۔

 

12۔چاول کا آٹا

 ایک مُٹھی چاول کا آٹا لیں۔ اس میں چند میٹھے کی چمچ شہد اور سیب کا سرکہ مِلا کر معجون کی شکل میں لے آئیں۔  پیروں کو 10 سے 15 منٹ تک نیم گرم پانی میں ڈبونے کے بعد خشک کریں اور اس معجون کو ایڑھیوں پر لگا کر ملیں۔

 

13۔ ایپسم نمک

نیم گرم پانی سے بھرے ٹب میں ایپسم نمک ملائیں اور کم از کم 10 منٹ تک پیروں کو اس میں ڈبوئے رکھیں ۔ پھٹی ہوئی جلد نرم ہونے پر جھانویں سے رگڑ کر ایڑھیاں صاف کریں ۔ بعد میں دوبارہ 10 منٹ تک ایپسم نمک مِلے پانی میں پیروں کو ڈبوئے رکھیں اور آخر میں خشک کر کے موئسچرائزنگ کریم لگا لیں۔

 

13۔ عرقِ گلاب اور گلیسرین

مساوی مقدار میں عرقِ  گلاب اور گلیسرین ملائیں  ۔ اس آمیزے کو ایڑھیوں پر لگائیں اور رات بھر کے لئے جرابیں پہن لیں۔

 



متعللقہ خبریں