ترک پکوان 23

بقلاوہ

ترک پکوان 23

اس پروگرام میں ہم آج  آپ کو   ترک مٹھائیوں کے بے تاج بادشاہ "بقلاوہ "  بنانےکی ترکیب بتائیں گے جو کسی تعارف کا بھی محتاج نہیں۔ بقلاوہ مذہبی تہواروں ،شادی بیاہ کی رسموں    اور دیگر تقریبات میں  بخوبی کھایا جاتا ہے۔ عید کی آمد  کے ساتھ ہی بقلاوہ  گھروں  کی زینت بن  جاتا ہے۔

 

 انتہائی باریک  خمیرے  کی تہوں  میں پستے،باداموں،اخروٹوں یا فندق  اور شیرے سے تیار  بقلاوہ  ترکی کے علاوہ  مشرق وسطی  حتی بلقانی ممالک میں  بھی   کافی مشہور ہے  لیکن   اسے شہرت جنوب مشرقی ترکی میں واقع شہر غازی عنتاب سے ملی ہے جو کہ اس کی تیاری میں  سر فہرست ہے ۔

 

 3 عدد انڈے

1 عد گلاس دودھ

1 گلاس گھی  یا تیل

1 چھوٹا چمچ میٹھا سوڈا

1 کھانے کا  چمچ  سرکہ

 ایک چوتھائی  چمچ نمک

5  گلاس  آٹا

2 گلاس  اخروٹ  یا پستے باریک کٹے ہوئے

ڈیڑھ گلاس مکئی کا نشاستہ

1 چائے کا چمچ لیموں کا رس

250 گرام  مکھن

 شیرے کے لیے

4 گلاس شکر

5 گلاس پانی

نصف چمچ   لیموں کا رس

 

 بقلاوہ تیارکرنے کےلیے سب سے پہلے   آٹے  کو گوند لیں  اور اسے ایک  بڑے پیندے  والے برتن میں ڈال کر اس کے درمیان  میں جگہ بنائیں  اور اس میں  انڈے،دودھ،تیل،سوڈا،سرکہ اور نمک  ڈال کر آہستہ آہستہ ملا لیں اور نرم خمیرے کی  حالت میں آنے تک گوندھتے رہیں اس کے بعد اسے ایک  گیلے کپڑے سے ڈھک کر  1 گھنٹے تک  رکھ دیں  ۔بعد ازاں   اس خمیرے    کے پیڑے بنا کر بیلن سے باریک باریک  روٹیوں کی حالت میں لےآئیں  مگران کے درمیان مکئی کا نشاستہ چھڑکنا نہ بھولیں ۔اب ایک  پتیلی میں مکھن کو گرم کریں  اور  اوون    کی ٹرے  میں اس مکھن کو پھیلا دیں  اب اس کے بعد ٹرے میں    دس عدد روٹیوں کو اوپر تلے  رکھیں لیکن درمیان میں  کٹے ہوئے اخروٹ یا پستوں  کو ملانا مت بھولیں۔ اب اس بقلاوہ کو  چھری کی مدد سے تکون    یا چوکور شکل میں کاٹ   کر اس پرباقی بچا   پگھلا مکھن لگا دیں  اور 180 سینٹی گریڈ  پر  اوون میں  50 منٹ تک پکنے دیں ۔

 شیرہ تیار کرنے کےلیے   شکر  اورپانی کو ایک پتیلی میں ڈال کر ملائیں اور 25 منٹ تک درمیانی آنچ پر ابال دے دیں ۔ اس ابلے محلول میں اب لیموں کا رس ڈال کر  چولہے سے اتار لیں  اور آہستہ آہستہ بقلاوے پر ڈال دیں ۔



متعللقہ خبریں