قدم بہ قدم پاکستان - 22

آیئے! آج آپ کو ایوب نیشنل پارک راولپنڈی کی سیر کرواتے ہیں

746859
قدم بہ قدم پاکستان - 22

آیئے! آج آپ کو ایوب نیشنل پارک راولپنڈی کی سیر کرواتے ہیں۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے متصل شہر راولپنڈی اپنی ایک قدیم تاریخ رکھتا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ”جڑواں شہر“ بھی کہا جاتا ہے۔ راولپنڈی مختلف حوالوں سے اپنی ایک الگ حیثیت اور شناخت کا حامل ہے۔ ایوب نیشنل پارک راولپنڈی شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہے۔ اس کا شمار پاکستان کے خوبصورت پارکوں میںہوتا ہے۔ ہر عمر کے لوگ یہاں آ کر خوشی اور طمانیت محسوس کرتے ہیں۔

ایوب نیشنل پارک میں قدرتی خوبصورتی، پہاڑیاں، جنگل، جھیل، میدان اور جنگلی حیات موجود ہیں۔ ہفتہ وار اور دیگر چھٹیوں اور تہواروں کے موقع پر یہاں کثیر تعداد میں لوگ سیرکرنے آتے ہیں۔ یہاں صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ پارک میں داخل ہوتے ہی ایک خوشگوار تاثر پیدا ہوتا ہے۔ آپ کو تازگی، فرحت اور سکون کا احساس ہونے لگتا ہے۔ جاگنگ ٹریک پر مرد و خواتین جاگنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پارک کے بائیں حصے میں پہاڑی ہے جس کی چوٹی پر نوجوان نظر آتے ہیں۔ جوشیلے نوجوان پہاڑی کی چوٹی پر سب سے پہلے پہنچنے کے مقابلے کرتے ہیں۔ کچھ نوجوان ٹولیوں کی شکل میں گیت گا رہے ہوتے ہیں۔

پہاڑی کے ایک طرف میدانی علاقہ ہے۔ یہاں بچے کھیل کود میں مصروف ہوتے ہیں۔ پارک میں ایک خوبصورت جھیل بھی موجود ہے جس میں تیرتی ہوئی سفید بطخیں وہاں کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں۔ بلند و بالا درختوں کی شاخوں سے گزر کر سورج کی کرنیں جھیل کے پانی پر پڑتی ہیں تو دلکش منظر پیدا کرتی ہیں۔

سیر کے لئے آنے والوں خاص طور پر بچوں کی دلچسپی کیلئے ایوب پارک میں پرندوں اور جانوروں کی مختلف اقسام بھی رکھی گئی ہیں۔ چیتے، بندر، ریچھ، ہاتھی، زیبرا اور دیگر جانور موجود ہیں۔ ایک شیر بھی ہے لیکن یہ اصلی نہیں ہے بلکہ مجسمہ ہے جو پاکستان کے نامور مصور اور مجسمہ ساز ایس ایم خالد کے فن کا نمونہ ہے اور لوگوں کی خاص توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ یہاں جھولے، تالاب، کشتیاں بھی ہیں جہاں آنے والوں کا رش لگا رہتا ہے۔

ایوب نیشنل پارک میں طلبا و طالبات اور شاعروں و ادیبوں کی بڑی تعداد بھی آتی ہے جو یہاں کے پرسکون ماحول میں اپنی تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں میں محو نظر آتے ہیں۔ لوگ یہاں آ کر اپنی تھکاوٹ اور پریشانیاں دور کرتے ہیں اور دوسروں کو مشورہ دیتے ہیں کہ اپنی مصروف زندگی میں سے سیر و تفریح اور پُرفضا مقام پر چہل قدمی کرنے کیلئے وقت ضرور نکالنا چاہئے۔ یقیناً تفریحی مقامات کی سیر انسانی احساسات کو خوشگوار اور پرسکون بناتی ہے اور انسان کو فطرت کے قریب کرتی ہے۔

آپ کو کبھی راولپنڈی جانے کا اتفاق ہو تو ایوب نیشنل پارک ضرور دیکھئے گا۔ اس کے بغیر راولپنڈی کی سیر ادھوری رہے گی اور آپ ایک خوبصورت پارک دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے۔

آئندہ ہفتے آپ کو کسی اور تفریحی مقام کی سیر کروائیں گے، تب تک کے لیے اپنے میزبان کو اجازت دیجئے گا۔ اللہ حافظ

....٭٭٭....



متعللقہ خبریں