قدم بہ قدم - پاکستان - 16

آیئے! آج آپ کو فاطمہ جناح پارک اسلام آباد کی سیر کرواتے ہیں

717744
قدم بہ قدم - پاکستان - 16

آیئے! آج آپ کو فاطمہ جناح پارک اسلام آباد کی سیر کرواتے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کی خوبصورت پہاڑیوں کے قریب جدید طرز کا ایک منفرد تفریحی پارک موجود ہے جس کا نام فاطمہ جناح پارک ہے۔ پہلے اس پارک کا نام کیپٹل پارک تھا لیکن بعد میں اس کا نام فاطمہ جناح پارک رکھا گیا۔ یہ چونکہ سیکٹرF9پر مشتمل ہے اس لئے اس کو F-9پارک بھی کہا جاتا ہے۔

اس پارک کے چار مرکزی دروازے ہیں، جو مختلف سیکٹرز سے اس پارک میں داخلہ کے لئے ہیں، اس کے ایک جانب انتہائی پوش رہائشی علاقہ ایف 8 ، دوسری جانب ایئر فورس کا علاقہ ای 9،تیسری جانب ایف10، اور چوتھی طرف رہائشی علاقہ جی10ہے۔ فاطمہ جناح پارک کا سنگ بنیاد 8جنوری 1992ءکو بطور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے رکھا، یہ تین سال میں مکمل ہوا۔ اس پارک کا افتتاح ترکی کے صدر سلمان ڈیمرل نے 16مارچ1995ءکو کیا۔ اسی وجہ سے اس پارک کو پاک ترک دوستی کی لازوال علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔

اس پارک میں چھوٹی چھوٹی عمارتیں ، میگا زون کمپلیکس ، ایروماڈلنگ کلب، ڈرائیونگ کی تربیت کا ادارہ، ٹیبل ٹینس کورٹ، سنوکر کلب، سوئمنگ پول اور جھولے وغیرہ اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ پارک کے اندر ایک وسیع عمارت میں نظریہ_¿ پاکستان کونسل کے دفاتر اور ایک وسیع آ ڈیٹوریم بھی موجود ہے۔ جہاں مختلف تقریبات منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ مذہبی، سیاسی و سماجی اجتماعات کے لئے بھی اس پارک کو استعمال کیا جاتا ہے، کئی فنکار بھی یہاں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

فاطمہ جناح پارک ایک تفریحی پارک ہے جو صبح سے رات دیر تک کھلا رہتا ہے۔اس کا انتظام سی ڈی اے یعنی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس ہے۔ اس میں جاگنگ ٹریکس ، چہل قدمی کے لئے راستے، خوبصورت درخت اور پودے، ہری بھری گھاس اور جھولے موجود ہیں۔ اسلام آباد کے لوگ جن میں اہم شخصیات ، مرد و خواتین اور بچے یہاں جاگنگ اور سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں۔ مختلف تہواروں کے موقع پر یہاں بہت رونق ہوتی ہے۔ اس پارک میں ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں جہاں کھانے پینے کی اشیاءدستیاب ہوتی ہیں۔ پارک میں کوئی مرکزی مسجد تو نہیں ہے لیکن مختلف مقامات پر خوبصورت اور منفرد انداز میں شیڈ بنا کر نماز ادا کرنے کے لئے جگہیں مخصوص کی گئیں ہیں۔

فاطمہ جناح پارک کے وسط میں اقوام متحدہ کا مونو گرام نصب ہے۔ اس طرح یہ ایک قومی شاہکار ہی نہیں بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی شناخت رکھتا ہے ۔ رقبے کے اعتبار سے دنیا کے بڑے پارکوں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ سیکٹر ایف 10کے مرکزی دروازے سے اندر داخل ہوں تو سنگ مر مر سے تعمیر کردہ ایک مربع نما چوکھٹ نظر آتی ہے۔جس کو بارہ دری کہتے ہیں اس کے دائیں طرف ایک تفریحی کلب ہے، جس میں سوئمنگ پول ، کھیلوں کے کورٹس کھانے پینے کی اشیاء، باڈی بلڈنگ کلب اور بچوں کا پلے لینڈ وغیرہ موجود ہے۔ پارک میں کھڑے ہو کر فیصل مسجد، مارگلہ کی پہاڑیوں اور اسلام آباد کی بلند و بالا عمارتوں کا نظارا کیا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد کی معروف زندگی میں شہریوں، سفارت کاروں اور سیاحوں کے لئے یہ ایک خوبصورت اور بہترین تفریح گاہ ہے۔اگلے ہفتے آپ کو کسی اور تفریحی مقام پر لے چلیں گے۔

 اب اجازت دیجئے۔ پھر ملاقات ہو گی۔اللہ حافظ۔



متعللقہ خبریں