ترکیہ: خاتونِ اوّل کی طرف سے، پاکستانی جڑواں بچیوں کے کامیاب آپریشن پر، مبارکباد

اس تاریخی آپریشن کا شمار دنیا کے گنے چُنے واقعات میں ہوتا ہے۔ میری دعا اور تمنّا ہے کہ یہ معصوم بچّیاں صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی گزاریں: امینہ ایردوان

2189556
ترکیہ: خاتونِ اوّل کی طرف سے، پاکستانی جڑواں بچیوں کے کامیاب آپریشن پر، مبارکباد

ترکیہ کی خاتونِ اوّل امینہ ایردوان نے پاکستان سے ترکیہ لائی گئی جڑواں اور سر سے متّصل بچیوں کے کامیاب آپریشن پر 60 رکنی آپریشن ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

امینہ ایردوان نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں 14 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد ایک دوسرے سے الگ کی گئی 8 ماہ کی بچیوں کے بارے میں  کہا ہے کہ "صحت، زندگی کا قیمتی ترین تحفہ ہے۔ ہمارے ڈاکٹروں نے 2 اولادوں کو یہ تحفہ دیا ہے۔ اس کامیابی پر میں، آپریشن میں شامل، سب ڈاکٹروں کو دِلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ترکیہ میں کئے گئے اس  تاریخی آپریشن کا شمار دنیا کے گنے چُنے واقعات میں ہوتا ہے۔ میری دعا اور تمنّا ہے کہ یہ معصوم بچّیاں صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی گزاریں"۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے احکامات پر پاکستانی جڑواں اور سر سے متّصل بچیوں کا آپریشن انقرہ کے بِلکینٹ سٹی ہسپتال میں کیا گیا۔ آپریشن 2 مرحلوں میں مکمل ہوا۔ دوسرا آپریشن 14 گھنٹے جاری رہا اور اس میں ڈاکٹروں کی  60 رکنی ٹیم نے حصّہ لیا۔ آپریشن کے بعد جڑواں بچیوں کے سر کامیابی سے ایک دوسرے سے الگ کر دیئے گئے ہیں اور بچیوں کی حالت تسّلی بخش ہے۔



متعللقہ خبریں