چین: چنگ۔6 کی، لُونر چٹانی نمونوں کے ساتھ، کامیاب واپسی

چنگ۔6 نے اپنا فریضہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اس کے لائے ہوئے نمونے مہر بند کنٹینر میں دارالحکومت بیجنگ روانہ کر دئیے گئے ہیں: چین قومی محکمہ برائے خلاء

2155769
چین: چنگ۔6 کی، لُونر چٹانی نمونوں کے ساتھ، کامیاب واپسی

چین کی خلائی گاڑی "چنگ۔6" چاند کی تاریک سِمت سے زمینی اور چٹانی نمونے جمع کر کے دنیا میں واپس لوٹ آئی ہے۔

چین کے قومی محکمہ برائے خلاء کے جاری کردہ بیان کے مطابق چنگ۔6 نے طے شدہ پلان کے مطابق چین کے علاقے 'اندرونی منگولیا' میں لینڈنگ کر لی ہے۔

چنگ۔6 نے اپنا فریضہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اس کے لائے ہوئے نمونوں کو مہر بند کنٹینر میں دارالحکومت بیجنگ روانہ کر دیا گیا ہے۔

کنٹینر کھُلنے کے بعد، تحقیق و تجزیئے کے لئے، لُونر نمونوں کو  سائنسی ٹیم کے حوالے کر دیا جائے گا۔

چنگ۔6  پہلی خلائی گاڑی ہے جس نے  چاند کے تاریک حصّے سے زمینی و چٹانی نمونے جمع کئے ہیں اور چین پہلا ملک ہے جس نے یہ کام کیا ہے۔

سیٹلائٹ، اسپیس پروب، لینڈنگ اور ٹیک آف آلات اور زمین کی طرف واپسی کی طشتری پر مشتمل  یہ خلائی گاڑی 3 مئی کو چین کے جزیرہ حائنان کے وِن چنگ خلائی مرکز سے چھوڑی گئی تھی۔

خلائی گاڑی نے 2 جون کو چاند کے جنوبی قطب کے ایک کارٹر 'اپالو چنگ' میں سافٹ لینڈنگ کی اور 4 جون تک زمینی و چٹانی نمونے جمع کرنے کا کام مکمل کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ چاند کی محوری رفتار دنیا کی محوری   رفتار  کے ساتھ مساوی  ہونے کی وجہ سے چاند کا صرف ایک ہی رُخ دنیا کی طرف رہتا ہے۔ چاند کے دوسرے اور دنیا سے اوجھل چہرے کو "تاریک چہرہ " کہا جاتا ہے۔



متعللقہ خبریں