بلغاریہ کورونا ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں تلف کر دے گا

ملک میں ویکسین لگوانے کا رجحان  صفر ہے لہٰذا ہم ذخیرے میں پڑی اور مدتِ استعمال پوری ہونے کے قریب ویکسین  کی 28 لاکھ خوراکیں تلف کرنے پر مجبور ہیں: وزیر صحت آسین مجیدییف

1955458
بلغاریہ کورونا ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں تلف کر دے گا

بلغاریہ میں کووِڈ۔19 ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں تلف کر دی جائیں گی۔

بلغاریہ وزارت صحت نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ طلب نہ ہونے کی وجہ سے ویکسین کے ذخیرے میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ویکسین اسٹاک کی معیاد پوری ہونے کے قریب ہے جس کی وجہ سے اسے تلف کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

وزیر صحت آسین مجیدییف نے ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ملک میں ویکسین لگوانے کا رجحان  صفر ہے لہٰذا ہم ذخیرے میں پڑی اور مدتِ استعمال پوری ہونے کے قریب ویکسین  کی 28 لاکھ خوراکوں کو تلف کرنے پر مجبور ہیں"۔

مجیدییف نے کہا ہے کہ وباء کا زور ٹوٹنے اور ہسپتالوں کے ویکسین یونٹوں کے ساتھ دلچسپی ختم ہونے کی وجہ سے ہم نے ویکسین یونٹ بھی بند کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ معیاد پوری ہونے کے بعد ویکسین  کی 20 لاکھ  خوراکیں گذشتہ سال تلف کی گئی تھیں اور رواں سال مزید    28 لاکھ خوراکوں کی معیاد پوری ہونے کے قریب ہے۔

بلغاریہ وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق کووِڈ۔19 وباء کے دنوں میں یورپی یونین کی باہمی جدوجہد پالیسی کی رُو سے بلغاریہ رواں سال کے آخر تک مزید 80 لاکھ ویکسین درآمد کرنے پر مجبور ہے۔ سمجھوتے کی رُو سے متوقع اس درآمد کے ایک حصے کی ادائیگی پیشگی کر دی گئی ہے۔

وزیر صحت مجیدییف نے کہا ہے کہ مذکورہ درآمد ایک اضافی خرچہ ہے اور وائرس کے نئے ویریئنٹوں کے مقابل بے فائدہ ہونے کی وجہ سے ویکسین کو تلف کرنا مزید مصارف کا متقاضی ہو گا۔ ہم نے یورپی یونین کمیشن کو  مسئلے کی سنجیدگی سے آگاہ کیا ہے لیکن اس طرف سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ یورپی یونین میں بلغاریہ سب سے کم ویکسینیشن کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ملک میں وباء کے نتیجے میں اموات کی تعداد 39 ہزار افراد ریکارڈ کی گئی تھی۔



متعللقہ خبریں