فائزر: اومیکرون کے لئے نئی ویکسین تیار ہونے کو ہے
ویکسین مارچ تک تیار ہو جائے گی اور میرا نہیں خیال کہ اس ویکسین کے بعد چوتھی خوراک لگوانے کی ضرورت باقی رہے گی: البرٹ بورلا
امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ البرٹ بورلا نے کہا ہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے لئے ویکسین تیاری کے مراحل میں ہے۔ ویکسین مارچ تک تیار ہو جائے گی اور میرا نہیں خیال کہ اس ویکسین کے بعد حالِ حاضر میں زیرِ استعمال ویکسینوں کی چوتھی خوراک لگوانے کی ضرورت باقی رہے گی۔
بورلا نے امریکی ٹیلی ویژن چینل CNBC کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "میرا نہیں خیال کہ چوتھی اضافی ویکسین لگوانے کی ضرورت پیش آئے گی لیکن یہ کوئی حتمی بات نہیں ہے اس کو ٹیسٹ کرنا ضروری ہے"۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم، اومیکرون اور دیگر ویریئنٹوں کے مقابل زیادہ موئثر ویکسین کے لئے کام کر رہے ہیں۔
تاہم ماڈرنا کے منتظمِ اعلیٰ اسٹیفن بینسل نے گذشتہ ہفتے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ اس وقت لگائی جانے والی ویکسین کی اضافی خوراکیں 2022 تک اپنا اثر برقرار رکھ سکیں گی لہٰذا میرے اندازے کے مطابق ایک اور خوراک کی ضرورت پیش آئے گی۔
واضح رہے کہ ماڈرنا نے ماہِ نومبر میں جاری کردہ بیان میں اومیکرون ویریئنٹ کے مقابل ویکسین کی خصوصی اضافی خوراک بنانے کا اعلان کیا تھا۔