اسرائیل نے ایچ ڈی جاسوس سیٹلائٹ خلاء میں بھیج دیا

ہم اسرائیل کی صلاحیتوں کو ہر محاذ اور ہر جگہ پر مضبوط بنانا جاری رکھیں گے: وزیر دفاع بینی گانٹز

1449851
اسرائیل نے ایچ ڈی جاسوس سیٹلائٹ خلاء میں بھیج دیا

اسرائیل نے عسکری خبر رسانی کے لئے ایچ ڈی صلاحیت کا حامل جاسوسی سیٹلائٹ خلاء میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیل وزارت دفاع کی طرف سے جاری کئے گئے تحریری بیان کے مطابق وزارت دفاع اور اسرائیل خلائی انڈسٹری کی مشترکہ پیداوار اوفیک۔16 نامی جاسوس سیٹلائٹ ملک کے مرکز میں واقع ایک بیس سے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے خلاء میں چھوڑا گیا۔ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں داخل ہو گیا ہے۔

بیان کے مطابق ہائی کپیسٹی الیکٹرو آپٹک اوفیک۔16 سیٹلائٹ کو جاسوسی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گانٹز نے کہا ہے کہ اوفیک۔16 سیٹلائٹ وزارت دفاع اور اسرائیل خلائی صنعت کی ایک اہم کامیابی ہے۔ ہم اسرائیل کی صلاحیتوں کو ہر محاذ اور ہر جگہ پر مضبوط بنانا جاری رکھیں گے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیٹلائٹ کو ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں