ممالک لاک ڈاون میں نرمی کا خیال رکھیں ورنہ واقعات بڑھ سکتے ہیںٖ:عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت نے لاک داؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے
عالمی ادارہ صحت نے لاک داؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ادارے کے سربراہ ٹیڈروس آدہانوم گیبریسیوس کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا ورنہ صورت حال سنگین ہو سکتی ہے لہذا لاک ڈاؤن میں نرمی آہستگی اور احتیاط کے ساتھ کرنا ہوگی۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل عالمی ادارہ صحت نے ایک بار پھر کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے لاک ڈاؤن میں آہستہ آہستہ کمی لانے پر زور دیا تھا۔
ادارےے کے سربراہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن کے اقدامات مثبت ثابت ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ لوگ یقیناً ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے احتیاط سے کام لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد عوام اپنے معاشروں کو رواں دواں رکھنے کے لیے زندگی کے نئے انداز اپنانے کے لیے تیار ہوں گے۔
آن لائن پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس وبا کے خلاف ویکسین دریافت نہیں ہوتی تب تک وبا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنانا ہی نیا قاعدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق حکمت عملی بنانے کے لیے کچھ ملکوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاہم کئی ممالک خود ہی شہریوں کے گھروں پر رہنے کی پابندی ہٹانے کی تیاری کر رہے ہیں البتہ یورپی ممالک میں عالمی وبا کے واقعات میں کچھ کمی آئی ہے تاہم افریقہ سمیت دوسرے ممالک میں کورونا کے مریض بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔