اوباما کیئر پروگرام غیر آئینی قرار

گزشتہ سال اس قانون سے لگ بھگ ایک کروڑ 18 لاکھ ایسے امریکیوں نے استفادہ کیا تھا

1107555
اوباما کیئر پروگرام غیر آئینی قرار

سابق امریکی صدر باراک اوباما  کے نام سے منسوب 'اوباما کیئر پروگرام کو عدالت نے غیر آئینی قرار دے دیا۔

فورٹ ورتھ کے عدالتی ضلعے کے جج ریڈ او کونر نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ گزشتہ سال ٹیکس قوانین میں کی جانے والی تبدیلی کے تحت ہیلتھ انشورنس نہ خریدنے والے افراد پر جرمانہ ختم کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں پورا 'اوباما کیئر' ہی غیر مؤثر  ثابت ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ قانون کو غیر مؤثر قرار دینے کی درخواست  20 ریاستوں کی  ری پبلکن حکومتوں نے مشترکہ طور پر دائر کی تھی۔مذکورہ قانون سابق صدر براک اوباما کی حکومت نے 2010ء میں منظور کیا تھا جسے داخلی محاذ پر ان کے آٹھ سالہ دورِ حکومت کی سب سے نمایاں کامیابی سمجھا جاتا ہے۔

گزشتہ سال اس قانون سے لگ بھگ ایک کروڑ 18 لاکھ ایسے امریکیوں نے استفادہ کیا تھا جو ہیلتھ انشورنس خریدنے کی استعداد  نہیں رکھتے تھے یا انہیں پہلے سے موجود بیماریوں کی وجہ سے مہنگی انشورنس خریدنا پڑتی تھی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 'اوباما کیئر' کے خلاف عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کانگریس کو ایک بہتر قانون بنانا چاہیےجس سے عام لوگوں کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہم ممکن بنائی جاسکے۔

قانون کے دفاع میں پیش ہونے والی ڈیموکریٹ ریاستوں کے اٹارنی جنرلز  کا کہنا  ہے کہ وہ عدالتی  فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔



متعللقہ خبریں