ترکیہ: 116 ممالک کو 175 ملین ڈالر مالیت کی زیتون کی برآمد
زیتون برآمداتی سیزن مکمل ہونے میں 2 مہینے رہ گئے ہیں۔ اس عرصے میں ہم برآمدات کو 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھتے ہیں: داود ار
ترکیہ نے 116 ممالک کو 175 ملین ڈالر مالیت کی زیتون برآمد کی ہے۔
بحیرہ ایجیئن برآمداتی یونین کے جاری کردہ بیان کے مطابق ترکیہ میں گذشتہ سال ماہِ اکتوبر سے شروع ہونے والے اور 10 مہینوں پر مشتمل زیتون برآمداتی سیزن کے دوران 15 فیصد اضافے کے ساتھ 175 ملین ڈالر مالیت کی زیتون برآمد کی گئی ہے۔
ایجیئن زیتون برآمد کنندگان یونین کے نائب سربراہ 'داود ار' نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "زیتون برآمداتی سیزن مکمل ہونے میں 2 مہینے رہ گئے ہیں۔ اس عرصے میں ہم برآمدات کو 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھتے ہیں"۔
انہوں نے کہا ہے کہ "ہم نے ترکیہ کی 85 ملین آبادی کی ضرورت ہی پوری نہیں کی بلکہ 116 ممالک کو 65 ہزار 325 ٹن زیتون برآمد بھی کی ہے۔2024۔25 کے برآمداتی سیزن میں ہمارا ہدف برآمدات کو ایک لاکھ ٹن تک لانا ہے"۔
زیتون کی برآمد میں 43،1 ملین ڈالر کی طلب کے ساتھ جرمنی سرفہرست رہا ہے۔