ترکیہ پاکستان میں 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا: ترک سفیر

ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ترکیہ اگلے دو تین سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دے کر کم از کم پانچ ارب ڈالر تک کرنا چاہتا ہے کیونکہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے

1908377
ترکیہ پاکستان میں 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا: ترک سفیر

ترکیہ نے پاکستان کو مشکل معاشی حالات سے نکالنے کیلیے پانچ ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

خبر کے مطابق، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ترکیہ اگلے دو تین سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دے کر کم از کم پانچ ارب ڈالر تک کرنا چاہتا ہے کیونکہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاجی نے اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ترک سفارتخانے کے تجارتی قونصلر نورالدین دیمیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ڈاکٹر مہمت پچاجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے انہیں آئندہ تین سال میں ترکی اور پاکستان کی باہمی تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اس ہدف سے آگے بڑھنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارت خانہ ایسی کوششوں میں نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ ترکیہ کے  تجارتی قونصلر نور الدین دیمیر نے اس موقع پر ترکیہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں شرکاء کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آبادایوان صنعت و تجارت کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مثالی دوستانہ تعلقات کے باوجود پاکستان اور ترکیہ کی دوطرفہ تجارت تقریبا ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو حوصلہ افزا نہیں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط  کاروباری روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان میں انجینئرنگ، کیمیکل، ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن، برقی آلات، مشینری، دفاع، آبپاشی، فوڈ پروسیسنگ، حلال گوشت، زرعی پیداوار اور شمسی توانائی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ آئی سی سی آئی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تعاون سے 8 تا 11 دسمبر 2022 کو پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کا انعقاد کر رہا ہے لہذا انہوں نے اس میگا ایونٹ میں ترک سرمایہ کاروں کو بھرپور شرکت کر کے پاکستان میں اپنے منصوبوں سے متعارف کرانے کی دعوت دی۔

ایوان تجارت کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک ای سی او اور ڈی ایٹ ممالک کا حصہ ہیں اور انہیں اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانا چاہیے، آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ ترکش ایئر لائن کی 129 سے زائد ممالک کے لیے پروازیں ہیں لہذا وہ پاکستان کے وسطی ایشیا اور ڈی ایٹ ممالک کے براہ راست فضائی روابط قائم کرنے میں تعاون کرے جس سے ان ممالک کے ساتھ ہماری تجارت اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ روڈ اور ریلوے روابط قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان ایک آزاد تجارتی منڈی  قائم کرنے کی کوشش کریں جس سے ان تینوں ممالک کی آپس کی تجارت بہتر ترقی کرے گی اور عوام کو بھی فائدہ ہو گا۔



متعللقہ خبریں