اسرائیل -امارات کے درمیان کارگو پروازوں کا آغاز

فضائی کمپنی نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ہونے والے معاہدے کو مد نظر رکھتے ہوئے تل ابیب کے قریب قائم  ہوائی اڈے  سے 16 ستمبر پہلی کارگو پرواز روانہ ہوگی

1484683
اسرائیل -امارات کے درمیان کارگو پروازوں کا آغاز

اسرائیل کی سرکاری ایئر لائن ایل آل نے دبئی کے لیے پہلی کارگو پرواز کی روانگی کا اعلان کردیا ہے ۔

 یہ اعلان متحدہ عرب امارات میں ایئر لائن کی تجارتی پرواز پہنچنے کے کچھ روز بعد سامنے آیا ہے ۔

فضائی کمپنی نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ہونے والے معاہدے کو مد نظر رکھتے ہوئے تل ابیب کے قریب قائم  ہوائی اڈے  سے 16 ستمبر پہلی کارگو پرواز روانہ ہوگی۔

تاہم مسافر پرواز کی طرح براہ راست اسرائیل سے امارات پرواز کرنے کے بجائے مذکورہ کارگو پرواز براستہ بیلجیئم سے دبئی جائے گی، تاہم اس حوالے سے ایئر لائن نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔

اسرائیلی ایئر لائن  کا کہنا ہے کہ  امارات جانے والے بوئنگ 747 طیارے میں زرعی اور ہائی ٹیک آلات ہوں گے اور مستقبل میں مذکورہ راستےکی تبدیلی متوقع ہے ۔

ایل آل کے جاری بیان کے مطابق ‘یہ کارگو پروازیں ہر ہفتے اسرائیلی کمپنیوں کے لیے درآمدات اور برآمدات کے سامان ساتھ دبئی کے لیےپرواز کریں گی ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ہفتے ایل آل کی پرواز کے ذریعے اسرائیلی اور امریکی وفد دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے پر بات چیت کے لیے امارات پہنچا تھا۔

دوسری جانب بحرین نے بھی اسرائیل اور امارات کے درمیان پروزوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔



متعللقہ خبریں