وزیراعظم عمران خان کے پاک ترک اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک پر جلد از جلد عمل درآمد کرنے کے احکامات

پاک ترکی سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے حوالے سے پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے وزیراعظم کو لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی

1179541
وزیراعظم عمران خان کے  پاک ترک اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک  پر جلد از جلد عمل درآمد کرنے کے احکامات

وزیراعظم عمران خان نے پاک ترکی سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے تفصیلی لائحہ عمل کی منظوری دیدی۔ اس لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے ترکی کی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، جس کے بعد جلد سٹریٹجک اکنامک فریم ورک پر باضابطہ دستخط کئے جائیں گے۔

پاک ترکی سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے حوالے سے پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے وزیراعظم کو لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ لائحہ عمل مجوزہ سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے تحت پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ بالخصوص زراعت، کم لاگت کے مکانات، سیاحت و ثقافت، سرمایہ کاری، صنعت، بینکنگ و فنانس، صحت و ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ و مواصلات، تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، ایوی ایشن، آبی وسائل کی ترقی، توانائی و بجلی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، ڈویلپمنٹ پلاننگ، پوسٹل سروسز اور چھوٹے منصوبوں کے نفاذ کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں ممالک ٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کے لئے بھی رابطے میں ہیں تاکہ دونوں ممالک میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے لئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لئے امکانات کو بروئے کار لایا جائے اور ان مصنوعات کو کسی تیسرے ملک کو برآمد کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاک ترکی سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کو حتمی شکل دینے کی جانب پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں وزیر خزانہ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ وزاتوں کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے اپنا کام تیزی سے مکمل کریں تاکہ سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کا جلد نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے جنوری 2019ءمیں دورہ ترکی کے دوران دونوں ممالک کی قیادتوں نے باہمی دلچسپی کے تمام ممکنہ شعبوں میں دوطرفہ وسیع تر تعاون کو بڑھانے کے لئے سٹریٹجک اکنامک فریم ورک تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم سے منظور شدہ سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کا مسودہ فروری 2019ءمیں ترکی کی حکومت کو فراہم کیا گیا جس پر ترکی کی جانب سے گزشتہ ماہ کے دوران تفصیلی جواب فراہم کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔



متعللقہ خبریں